جے آئی یوتھ کنونشن12مئی کوراولپنڈی میں ہوگا،میاں مقصوداحمد

جے آئی یوتھ کنونشن12مئی کوراولپنڈی میں ہوگا،میاں مقصوداحمد

  



راولپنڈی (جنرل رپورٹر ) امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ مینار پاکستان لاہور کے مقام پرعظیم الشان یوتھ کنونشن کے بعد اب اگلا جے آئی یوتھ کنونشن 12 مئی کولیاقت باغ راولپنڈی کے تاریخی میدان میں منعقد ہوگا اس کنونشن سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق اور دیگر قائدین خطاب کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی دفتر سید مودودیؒ بلڈنگ میں راولپنڈی ڈویژن کے اُمراء اور جے آئی یوتھ کے عہدیداران کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس اجلاس میں جے آئی یوتھ پنجاب کے صدر بابر خان رُسل ٗامیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی رورل شمس الرحمان سواتی ٗ امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈ ی کوہسار سجاد احمد عباسی ٗقائم مقام امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی شیخ مسعود احمد ٗامیر جماعت اسلامی ضلع اسلام آبادنصراللہ رندھاوا ٗامیر جماعت اسلامی ضلع جہلم عبد الحمید جہلمی ٗنائب امیر جماعت اسلامی ضلع اٹک سردار امجد علی خان ٗسابق امیر جماعت اسلامی ضلع چکوال مولاناعبدالستار ٗ جے آئی یوتھ راولپنڈی ڈویژن کے صدر اویس اسلم مرزا اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی ہے۔اجلاس میں 12 مئی کو لیاقت باغ راولپنڈی کے مقام پر منعقد ہونے والے جے آئی یوتھ کنونشن کی تیاریوں اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر جے آئی یوتھ کنونشن کے انتظامات اور تیوریوں کے سلسلے میں متعدد انتظامی کمیٹیاں بھی قائم کی گئیں ہیں۔ میاں مقصود احمد نے کہا کہ پاکستان کی آبادی میں 60 فیصد سے زیادہ نوجوان ہیں ۔ ہم گلی محلے کی سطح پر یوتھ کو منظم کر رہے ہیں جماعت اسلامی نے یونین کونسل کی سطح پر یوتھ کے باقاعدہ انتخابات کروا کر نوجوان منتخب قیادت کو متعارف کروایا ہے، امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج ا لحق نے اعلان کیا ہے کہ 2018 کے انتخابات میں 50 فیصد ٹکٹ نوجوانوں کو دیں گے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر