پاکستان، فرانس مختلف شعبوں میں مضبوط تعلقات رکھتے ہیں ، معین الحق

پاکستان، فرانس مختلف شعبوں میں مضبوط تعلقات رکھتے ہیں ، معین الحق

  



پیرس(پ ر)سفارت خانہ پاکستان کی طرف سے فرانس میں شروع کی جانے والی اقتصادی اور عوامی سفارت کاری دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سفیر پاکستان معین الحق نے قومی دفاعی یونیورسٹی کے 19 رکنی وفد کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہی جس نے گزشتہ روز سفارت خانہ پاکستان پیرس میں ان سے ملاقات کی۔قومی دفاعی یونیورسٹی کا یہ وفد فرانس کے مطالعیاتی دورہ پر ہے یہ وفد پاکستان کی مسلح افواج اور دوست ممالک جن میں نائیجیریا، سعودی عرب، سری لنکا اور یو ایس اے شامل ہیں کے اعلی افسران پر مشتمل ہے۔ وفد کا یہ دورہ قومی دفاعی یونیورسٹی کے نیشنل سکیورٹی اور وار کورسز کا حصہ ہے۔سفیر پاکستان نے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور فرانس کے درمیان موجودہ سیاسی، اقتصادی، دفاعی، تعلیمی اور ثقافتی شعبوں میں تعلقات مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں اور دونوں ممالک اہم بین الاقوامی ایشوز پر ایک جیسے خیالات کے حامل ہیں۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ فرانسیسی وزارت خارجہ امور کے سیکرٹری جنرل عنقریب پاکستان کا دورہ کریں گے اور اپنے پاکستانی ہم منصب سے دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ دوطرفہ تعلقات کا مجموعی جائزہ لیں گے۔ یہ ملاقات دونوں ملکوں کے درمیان پہلے سے موجود میکانزم برائے سیاسی مشاورت کا حصہ ہوگی۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان تسلسل سے ہونے والے پارلیمانی وفود کے تبادلوں کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنا نے کیلئے اسے ایک اہم ذریعہ کرار دیا۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط اور بڑھتی ہوئی اقتصادی اور تجارتی سرگرمیاں دوطرفہ تعلقات کا اہم جز ہیں۔ انہوں نے کئی سالوں سے دونوں ملکوں کے درمیان تیزی سے بڑھتے ہوئے تجارتی حجم پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دوطرفہ تجارت نے گذشتہ سال 1.5 بلین کا حدف عبور کیا جو کہ ایک مثبت پیش رفت ہے۔ انہوں نے وفد کو یقین دہانی کروائی سفارت خانہ پاکستان اپنی اقتصادی سفارت کاری کو انتہائی سنجیدگی سے آگے بڑھاتا رہے گا تاکہ دنوں ملکوں کے درمیان موجودہ تجارتی صلاحیتوں کو پوری طرح بروئے کار لایا جائے۔ سفیر پاکستان نے وفد سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی شعبے میں تسلسل کے ساتھ اعلی سطحی وفود کے تبادلے کیئے جاتے ہیں جس میں مشترکہ سلامتی کمیشن اور سٹاف ٹاکس کے تحت ہر سال اسلام آباد اور پیرس میں ملاقاتیں شامل ہیں این ڈی یو کا وفد پیرس میں اپنے قیام کے دوران مختلف فرانسیسی دفاعی اور سول اداروں بشمول معروف فرانسیسی کمپنیز جو دفاعی شعبوں سے تعلق رکھتی ہیں کا بھی دورہ کرے گا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...