کراچی دو دریا پر 3 ریسٹورنٹس بند، ملازمین کا احتجاج

کراچی دو دریا پر 3 ریسٹورنٹس بند، ملازمین کا احتجاج

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کے ساحلی علاقے پر واقع دودریا پر فوڈ اسٹریٹ بند کرنے کا کام شروع کردیاگیاہے،جس کی بندش کے خلاف ریسٹورنٹ ملازمین نے منگل کو احتجاج کیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے مشہور ساحلی علاقے سی ویو دو دریا پر واقع فوڈ اسٹریٹ بند کرنے کی تیاریاں شروع ہوگئی ہیں۔ ڈی ایچ اے انتظامیہ کی جانب سے 3 ریسٹورنٹس کو بند کردیا گیا ہے جبکہ دیگر ریسٹورنٹس کو بند کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ ریسٹورنٹس کے عملے اور ملازمین نے فوڈ اسٹریٹ ختم کرنے کے حکم کے خلاف احتجاج اور نعرے بازی کی ۔ایک ریسٹورینٹ کی انتظامیہ نے عدالت سے حکم امتناع حاصل کرلیا ہے۔ سی ویو دو دریا پر بین الاقوامی معیار کے 17 ریسٹورنٹس قائم ہیں۔ مالکان کے مطابق 17ریسٹورینٹ میں 10 ہزار ملازمین کام کرتے ہیں جن کے بے روزگار ہونے کا خدشہ ہے۔ ادھر ڈی ایچ اے انتظامیہ نے کہا ہے کہ ریسٹورنٹس کے مالکان کے ساتھ ان کا معاہدہ جون میں ختم ہورہا ہے۔ڈیفنس ہاسنگ اتھارٹی(ڈی ایچ اے)کی جانب سے دودریا پر قائم ریسٹورنٹس کو دو ماہ میں کاروبار بند کا نوٹس دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ جون سے قبل ریسٹورنٹس بند کردیں۔ اطلاعات کے مطابق دو دریا پر ریسٹورنٹس بند کرکے وہاں بلند رہائشی و کمرشل عمارتیں اور ہوٹلز تعمیر کیے جائیں گی۔ دو دریا کی فوڈ اسٹریٹ بند ہونے پر کراچی کے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے کیونکہ وہ ایک دل کش تفریحی مقام سے محروم ہوجائیں گے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...