پنجاب کی ماتحت عدالتوں کے 511ججوں کو نئی گاڑیاں ملیں گی،ایک ارب کے فنڈ جاری
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب کی ماتحت عدالتوں کے ججوں کے لئے 511نئی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کرلیا ۔
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد یاورعلی نے گاڑیوں کی خریداری کیلئے 99کروڑ 53 لاکھ 45 ہزار روپے کے فنڈ زجار کرنے کی منظوری دے دی ہے ۔ان میں سے 500گاڑیاں 1300سی سی ہوں گی جو ایڈیشنل سیشن ججوں کو دی جائیں گی جبکہ 11گاڑیاں 1000سی سی ہوں گی جو سول ججوں کو فراہم کی جائیں گی ۔یہ گاڑیاں پنجاب کے 36اضلاع میں تعینات ججوں کی تعداد کے حساب سے یہ گاڑیاں فراہم کی جائیں گی ۔لاہور کی ماتحت عدالتوں کے 93، راوالپنڈی کی ماتحت عدالتوں کے 25، قصور کی ماتحت عدالتوں کے 16،ساہیوال کی ماتحت عدالتوں کے 13 شیخوپورہ کے 17، سیالکوٹ کے 17، لودھراں 5، بہاولنگر کے 11 چکوال، چنیوٹ، جھنگ، حافظ آباد، منڈی بہاوالدین سمیت 36 اضلاع کے ایڈیشنل سیشن ججوں کو یہ نئی گاڑیاں فراہم کی جائیں گی جبکہ لاہور کے 11 سول ججوں کو 1000 سی سی گاڑیاں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔