گورنر سندھ اپنے آئینی اختیارات سے تجاوز کر رہے ہیں،عمران اسماعیل نے حیدرآباد جم خانہ آمد پر ارکان کو ووٹ کے لیے دھمکایا : عاجز دھامرہ
حیدرآباد (این این آئی) پیپلزپارٹی سندھ کے ترجمان عاجز دھامرہ نے گورنر سندھ کے حیدرآباد جم خانہ کے انتخابات کے لیے اپنے پسندیدہ پینل کو ووٹ کے لیے ارکان کو دھمکانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گورنر اپنے آئینی اختیارات سے تجاوز کر رہے ہیں، گورنر عمران اسماعیل نے بدھ کو حیدرآباد جم خانہ آمد پر ارکان کو ووٹ کے لیے دھمکایا اور جم خانہ کے وفاقی ملازمین ارکان کو ووٹ کے لیے وارننگ دی۔
ایک بیان میں عاجز دھامراہ نے کہا کہ عمران اسماعیل کا اسٹائل کسی ڈون سے کم نہیں تھا، جم خانہ ایک خود مختار ادارہ ہے، اس میں مداخلت کی جار ہی ہے، لگتا ہے عمران اسماعیل کو اوقات سے بڑا عہدہ دے دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اور عمران اسماعیل کا طرز عمل اور غنڈہ سٹائل ایک ہے، پی ٹی آئی والے اقتدار ملنے کے بعد ایسے اچھل رہے ہیں جیسے چوہے کو لڈو ہاتھ آگیا ہو۔