سانپ کو اُلٹی کروانے کا طریقہ
بنکاک(مانیٹرنگ ڈیسک) تھائی لینڈ میں گزشتہ دنوں ایک کسان کے فارم ہاﺅس میں اژدھا گھس آیا اور اس کے دو مرغ نگل لیے۔ اس کسان نے سانپ پکڑنے والوں کو بلا لیا جنہوں نے آ کر ایسے طریقے سے اژدھے کو قے کرنے پر مجبور کر دیا کہ آپ دیکھ کر دنگ رہ جائیں گے۔ میل آن لائن کے مطابق تھائی لینڈ کے شہر شونبری میں پیش آیا جہاں اژدھا کسان کے مرغے نگلنے کے بعد ایک کونے میں پڑے کاٹھ کباڑ میں جا کر چھپ گیا۔ سانپ پکڑنے والوں نے اسے آ کر اس کباڑ سے باہر نکال لیا اور قے کروا کر مرغے بھی اگلوا لیے۔
رپورٹ کے مطابق واقعے کی منظرعام پر آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سانپ کو گردن سے پکڑنے والی چھڑی کی مدد سے کباڑ سے باہر نکال کر زمین پر چھوڑ دیا اور پھر وہی چھڑی اس کے منہ میں گھسائی جس پر سانپ زمین پر لوٹنے لگا اور قے کرنے لگا۔ کچھ ہی دیر میں پہلے ایک مرغا اس نے پیٹ سے باہر نکال دیا اور پھر دوسرا۔ تاہم کسان کی بدقسمتی کہ تب تک دونوں مرغے دم توڑ چکے تھے۔ سانپ کے شکاریوں نے بعدازاں اس اژدھے کو ایک بوری میں ڈالا اور اپنے ساتھ لے گئے۔