’میں 25 سال کا لڑکا نہیں جو روز تمہیں گھر چھوڑنے آﺅں‘ وہ وقت جب سیف علی خان نے کرینہ کو صاف جواب دے دیا تھا
ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) اداکارہ کرینہ کپور خان نے سیف علی خان سے شادی سے پہلے کے وقت کے بارے میں کچھ یادیں شیئر کی ہیں۔ کرینہ کپور کا کہنا ہے کہ شادی سے پہلے ایک دن سیف علی خان نے انہیں کہا کہ وہ کوئی 25 سال کے لڑکے نہیں ہیں جوانہیں ہر روز گھر چھوڑنے آئیں۔
ہیومنز آف بمبئی کو دیے گئے انٹرویو کے دوران کرینہ کپور نے بتایا کہ کس طرح سیف علی خان نے ان کی اس وقت مدد کی جب وہ مکمل طور پر ٹوٹ چکی تھیں اور کیسے انہیں کیریئر میں آگے بڑھنے کا حوصلہ دیا۔ کرینہ کپور کے مطابق سیف علی خان نے ان کی ہر موقع پر مدد کی اور اپنی ذات سے پیار کرنا سکھایا ۔ ’ فلم ٹشن کی شوٹنگ کے دوران ہم لوگ موٹرسائیکل پر بیٹھ کر لمبے سفر پر نکل جایا کرتے تھے تاکہ ایک دوسرے کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزارا جاسکے‘۔
کرینہ نے بتایا کہ ان کے شوہر ان سے عمر میں 10 سال بڑے اور دو بچوں کے باپ تھے لیکن ان کیلئے وہ صرف سیف ہیں۔’ جب ہم شروع میں ایک دوسرے کو ڈیٹ کر رہے تھے تو اس وقت سیف نے مجھے کہا کہ میں کوئی 25 سال کا لڑکا نہیں ہوں جو ہرروز تمہیں گھر چھوڑنے کیلئے آئے‘۔
کرینہ کپور نے بتایا کہ جب انہوں نے شادی سے پہلے ایک ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا تو سیف ان کی ماں کے پاس گئے اور کہا کہ وہ ساری زندگی میرے ساتھ گزارنا چاہتے ہیں، ’ میری ماںکو اس پر کوئی اعتراض نہیں تھا اور جب ہماری شادی ہوئی تو لگا کہ سب ٹھیک ہورہا ہے‘۔
کرینہ کپور نے بتایا کہ ماں بننا ان کی زندگی کا سب سے خوشگوار تجربہ ہے، ’ تیمور میرا حصہ ہے اور میں ایک گھنٹہ بھی اس کے بغیر نہیں رہ سکتی، میری زندگی میں ایسالمحہ نہیں آیا کہ مجھے اداکاری اور فیملی میں سے ایک چیز کو چننا پڑے، میں دونوں کام ایک ساتھ کر رہی ہوں‘۔