اگر موقع ملے تو کیا آپ کرینہ کپور اور پریانکا چوپڑا کے ساتھ معاشقوں کو اپنی یادوں سے مٹادیں گے؟ شاہد کپور نے اس سوال پر ایسا جواب دے دیا جو ان کی بیوی کو بالکل پسند نہ آئے
ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بالی ووڈ اداکار شاہد کپور کا کہنا ہے کہ انہیں موقع ملے تب بھی وہ کرینہ کپور اور پریانکا چوپڑا کے ساتھ معاشقوں کو اپنی یادوں سے نہیں مٹائیں گے۔
ہدایتکار کرن جوہر کے پروگرام ’ کافی ود کرن‘ میں میزبان نے شاہد کپور سے سوال کیا کہ ’ اگر موقع ملے تو آپ کرینہ کپور اور پریانکا چوپڑا میں سے کس کو اپنی یادوں سے مٹانا چاہیں گے؟‘۔ اس سوال کے جواب میں شاہد کپور نے کہا کہ وہ کسی سپیشل شخص کی یادوں کو کبھی اپنے ذہن سے محو نہیں ہونے دینا چاہتے ’ کرینہ کپور کے ساتھ میرا تعلق لمبے عرصے تک تھا جبکہ پریانکا کے ساتھ مختصر وقت کیلئے تھا، میرا خیال ہے کہ آج میں جو بھی ہوں وہ زندگی میں ہونے والے تجربات کی وجہ سے ہوں اس لیے میں کسی بھی یاد کو مٹانا نہیں چاہوں گا کیونکہ ان سے میں نے بہت کچھ سیکھا ہے‘۔
خیال رہے کہ شاہد کپور اور کرینہ کپور کا معاشقہ ایک عرصہ تک زبان زد عام رہا اور دونوں شادی بھی کرنے والے تھے لیکن اس سے پہلے ہی دونوں نے اپنی راہیں جدا کرلیں۔ بریک اپ کے بعد کرینہ کپور نے سیف علی خان سے شادی کرلی جبکہ شاہد کپور نے پریانکا سے پیار کی پینگیں بڑھانا شروع کردی تھیں لیکن یہ رشتہ زیادہ عرصہ نہ چل سکا اور دونوں نے راہیں جدا کرلی تھیں۔