کرپشن، منی لانڈرنگ، اقرباپروری اور سرکاری فنڈز کی خوردبرد میں ملوث عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا:سید صمصام بخاری
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت پنجاب سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ کرپشن، منی لانڈرنگ، اقرباپروری اور سرکاری فنڈز کی خوردبرد میں ملوث عناصر خواہ وہ سیاسی ہوں یا غیر سیاسی کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا کیونکہ یہ وہ لوگ ہیں جو قومی ترقی کو قومی تنزلی میں بدلنے کے مجرم ہیں،وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے سخت محنت اور لگن سے کام کیا جائے، عوامی مسائل کے حل اور لوگوں کو ریلیف دینے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔
دورہ چین سے قبل وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں سید صمصام بخاری نے وزیراعظم کو پنجاب میں ذرائع ابلاغ کی صورتحال اور حکومت کی سرگرمیوں اور پالیسیوں کی میڈیا کوریج کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور ملک کی عمومی سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو کی۔سید صمصام علی بخاری نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے سخت محنت اور لگن سے کام کیا جائے عوامی مسائل کے حل اور لوگوں کو ریلیف دینے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت کے مطابق عوامی مینڈیٹ کے احترام میں پی ٹی آئی کے تمام ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور وزراء عام آدمی کے مسائل کے پائیدار حل کے لئے عوامی رابطہ مہم چلا رہے ہیں،ہمارے نمائندے گلی گلی، گاؤں، گاؤں اورہر کوچہ و شہر میں عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہیں،اس مقصد کے لئے روایتی حکمرانوں کے مخصوص ہتھکنڈوں کے ذریعے عوام سے پیسے پکڑ کر سسٹم کے جبر کا نشانہ بنانے کی بجائے ہماری پارٹی کے نمائندے اداروں کی مضبوطی اور انہیں فعال بنانے پر یقین رکھتے ہیں۔ صوبائی وزیرنے کہا کہ وزیراعظم نے نئے بلدیاتی نظام کے ذریعے عوام کو ان کی دہلیز پر ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے اور ترقیاتی کاموں کی بنیاد پر روایتی سیاست کا کھیل کھیلنے سے منع کیا ہے،یہی وجہ ہے کہ ترقیاتی فنڈز ارکان اسمبلی کی بجائے بلدیاتی اداروں کو منتقل کرنے کا اصولی فیصلہ ہو چکاہے۔
سید صمصام علی بخاری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بجاطور پر کرپشن کو وطن عزیز کی ترقی کا دشمن نمبر ون قرار دیا ہے،کرپشن، منی لانڈرنگ، اقرباپروری اور سرکاری فنڈز کی خوردبرد میں ملوث عناصر خواہ وہ سیاسی ہوں یا غیر سیاسی کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا کیونکہ یہ وہ لوگ ہیں جو قومی ترقی کو قومی تنزلی میں بدلنے کے مجرم ہیں، انہی لوگوں کی وجہ سے پاکستان خطے کے دیگر ممالک سے پیچھے رہ گیا اور آج ملکی معیشت زبوں حالی کا شکار ہے جس سے غریب آدمی کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے ملک کو مشکلات کے بھنور سے نکالنے کا پختہ عزم کر رکھا ہے اور ذاتی دیانتداری، بہترین صلاحیت اور آگے بڑھنے کے جذبے سے سرشار ہمارے وزیراعظم انشاء اللہ پاکستانی قوم کے حقیقی مسیحا ثابت ہوں گے۔