او ایل ایکس کا کاروباری تربیت کیلئے آن لائن ورکشاپ کا انعقاد

  او ایل ایکس کا کاروباری تربیت کیلئے آن لائن ورکشاپ کا انعقاد

  

لاہور(پ ر)او ایل ایکس پاکستان (OLX Pakistan)نے پشاور کے 28 بزنس اسٹارٹ اپس کیلئے تین روزہ خصوصی آن لائن ٹریننگ کا انعقاد کیا جو 22 اپریل تا 24 اپریل 2020 تک جاری رہی۔ اس آن لائن تربیتی سیشنز میں شرکت کرنے والے بیشتر اسٹارٹ اپس نیشنل انکیوبیشن سینٹر پشاور کے ساتھ منسلک ہیں جبکہ بعض اسٹارٹ اپس انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ اینڈ سائنسز پشاور کے بزنس انکیوبیشن سینٹر کی نمائندگی کررہے تھے۔ اس ورکشاپ کا مقصد یہ تھا کہ آن لائن ٹیکنالوجیز کو بروئے کار لاتے ہوئے کاروباری مہارتوں کو پروان چڑھایا جائے، کاروباری ذہانت سے ڈیٹا کا تجزیہ کیا جائے اور آن لائن و آف لائن طریقے استعمال کرتے ہوئے لوگوں اور کاروباری اداروں کیلئے اپنی مصنوعات و خدمات کو مارکیٹ میں پیش کرکے انہیں قابل فروخت بنایا جائے۔ یہ تربیتی سیشنز باضابطہ طور پر او ایل ایکس اسٹارٹ اپ ہاٹ لائن کے تحت منعقد ہوئے جس کی سربراہی او ایل ایکس پاکستان کے سینئر ٹیم اراکین نے کی تاکہ نوجوان اسٹارٹ اپس کو مطلوبہ مہارتوں اور معلومات سے آراستہ کیا جائے اور وہ ان مشکل حالات میں اپنا کاروبار موثر انداز سے آگے بڑھاسکیں۔ سب سے منفرد اور جدت کے حامل تین اسٹارٹ اپس کو او ایل ایکس پلیٹ فارم پر 20ہزار امریکی ڈالرز کی اعزازی تشہیر کا نہ صرف موقع ملے گا بلکہ او ایل ایکس کی ٹیم انہیں تین ماہ کے لئے خصوصی رہنمائی فراہم بھی کرے گی

جبکہ ایک سال کے لئے انہیں برانڈ کنسلٹنسی میں بھی تعاون فراہم کیا جائے گا۔

یہ تعاون او ایل ایکس پاکستان کی جانب سے سرانجام دیا جاتا ہے تاکہ ملک میں ہر ممکن طریقے سے جدت اور کاروباری ماحول کی حوصلہ افزائی ہو۔ اس اقدام کے بارے میں او ایل ایکس پاکستان کے مانیٹائزیشن منیجر ولید ابراہیم نے کہا، "تازہ ترین معلومات سے باخبر رہنے اور نئی مہارتیں سیکھنے سے پشاور جیسے شہر میں نئے اسٹارٹ اپس دوسروں سے ممتاز نظر آسکتے ہیں۔ او ایل ایکس کی جانب سے ہم نوجوان کاروباری افراد کیلئے پلیٹ فارم کی فراہمی پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہیں جو کاروبار کے روایتی انداز کو تبدیل کرنے کا حوصلہ رکھتے ہیں اور ترقی کرکے پاکستان کی خوشحالی کے لئے کام کرتے ہیں۔ او ایل ایکس پاکستان ملکی معیشت اور نوجوانوں کی بہتری کے لئے اپنے کردار کی ادائیگی کے لئے کوشاں رہے گا۔ "ان تربیتی سیشنز کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے نیشنل انکیوبیشن سینٹر (این آئی سی) پشاور کے ڈائریکٹر فیصل جمیل نے کہا، "این آئی سی پشاور کا عزم ہے کہ خیبرپختونخوا میں کامیاب کاروباری ماحول کی بنیاد رکھی جائے۔ ماضی میں این آئی سی پشاور نے تقریبا ہر طرح کے کاروبار میں اسٹارٹ اپس کو پروان چڑھایا ہے جس سے اس خطے میں کاروباری ماحول قائم ہوگیا ہے۔ ہم ان آن لائن اقدامات اور رہنمائی کے ذریعے تعاون پر او ایل ایکس پاکستان کے مشکور ہیں جن کے ذریعے یہ نوجوان کاروباری افراد مستقبل میں انڈسٹری کے تجربہ کار ماہرین میں ڈھل جائیں گے۔" اس طرح کے تربیتی پروگرامز کی ملک کے تمام شہری علاقوں پر توجہ مرکوز ہے جو پاکستان میں کاروبار کی مستحکم بنیاد کے لئے انتہائی ضروری ہے تاکہ وہ ملکی معیشت میں حصہ ڈالنے کے لئے فعال کردار کرسکیں اور نئے کاروباری افراد کو ترقی کے مواقع حاصل ہوسکیں۔

مزید :

کامرس -