رمضان میں غربا اور سفید پوش افراد کا خاص خیال رکھیں،ربعیہ طارق

رمضان میں غربا اور سفید پوش افراد کا خاص خیال رکھیں،ربعیہ طارق

  

لاہور (لیڈی رپورٹر) رمضان، بندے کے اندر عبدیت مساوات اخوت ہمدردی عجزوانکساری پیدا کرنے کا مہینہ ہے،یہ بات جماعت اسلامی کی ربعیہ طارق (صدر وسطی پنجاب) نے استقبال رمضان کے موقع پر کہی انہوں نے کہا کہ روزہ ایک باشعور ذمہ دار اور دردمند شخصیت کی تعمیر کرتا ہے اور اس کے لیے قابل تقلید نمونہ اسوہ نبی ؐہے اس لیے اس ماہ میں نہ صرف قرآن کریم بلکہ سیرت نبوی کے مطالعے کی بھی ضرورت ہے۔انہوں نے دردمندانہ اپیل کی کہ رمضان میں اپنے غربا اور سفید پوش افراد کا خاص خیال رکھیں۔آج ماہ رمضان جن حالات میں آرہا ہے، یہ زمانے کے نشیب وفراز غور کرنے اور عبرت حاصل کرنے کی طرف متوجہ کرتے ہیں۔

آزمائش کی اس گھڑی میں جب کے پوری دنیا ظھر الفساد فی البر و البحر بما کسبت ایدی الناس کی تصویر بنی ہوئی ہے، عالمی طور پر ایک وبا کی لپیٹ میں ہے جس نے مادی دنیا میں ترقی یافتہ اور غیر ترقی یافتہ کی تقسیم کو منہدم کردیا ہے، انسان فطرت کے انہی اصولوں کی جانب لوٹ رہا ہے جس کا سبق آج سے چودہ سو سال پہلے نبی مہربانؐ دے چکے ہیں۔ فرق صرف یہ ہے کہ دنیا کی زندگی کے دھوکے میں انسان اس قدر مگن ہوگیا کہ وہ بھول گیا کہ اللہ ہی ہر چیز پر قادر ہے، آج اللہ تعالیٰ نے ہمیں ایک مرتبہ پھر یہ موقع دیا ہے کہ ہم اس کی جانب پلٹ جائیں، اس ربّ کبیر کے آگے اپنی عاجزی کا اظہار کریں، اس سے اپنے گناہوں، کوتاہیوں اور اپنی انفرادی و اجتماعی بداعمالیوں کی معافی کے طلبگار ہوں۔آج ایک نئی اور بدلتی ہوئی دنیا ہمارے سامنے ہے، جو ہر طرف کورونا وبا کی زد میں ہے۔ ہر طرف بے چینی، اندیشے، خوف اور سوالات ہیں۔ مایوسی، خوف، غصہ، ڈپریشن جس کے نتیجے میں حقیقت یہ ہے کہ آج دنیا اور عالم انسانیت منتظر ہے اسلام کے نظام عدل اور رحمت کی۔ کیونکہ وہ اللہ جو اپنے بندوں سے ستر ماؤں سے زیادہ محبت کرنے والا ہے اس کا نظام رحمت ہی زمین پر بسنے والوں کے تمام زخموں کا مرہم اور نسخہ شفا ہے۔ لہٰذا اس کی جانب رجوع، توبہ اور اس کی رحمت کا حصول ہی اس صورتحال سے نکال سکتا ہے۔”آج انسانیت اللہ تعالیٰ کے احسان و کرم کی متلاشی ہے۔ یورپ میں مساجد کے میناروں سے اللہ اکبر کی صدائیں گونج رہی ہیں، اس میں میرے، آپ اور تمام داعیان الی اللہ کے لیے اسلام کی حقانیت کا پیغام جاں فزا ہے۔ ربّ کا پیغام اور رسول رحمتؐ کی دعوت انسانیت تک پہنچانا بحیثیت امت مسلمہ تک پہنچانا ہماری ذمے داری ہے۔ اس ماہ مبارک کو اللہ تعالی کی رحمت اور مدد سے اپنے لیے، اپنے اہل خانہ، خاندان، تمام اہل وطن، پوری امت اور پوری انسانیت کے لیے نجات کا مہینہ بنالیں۔اللہ تعالی ہم سب کو رمضان کی رحمتیں اور برکتیں عطا فرمائے اور ایمان کی سلامتی کے ساتھ، صحت اور عافیت کے ساتھ رمضان المبارک کی ساعتوں سے مستفید ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -