(ن) لیگ کا مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کرنے کا سلسلہ جاری
لاہور(جنرل رپورٹر)پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی جانب سے ان کے انتخابی حلقے کے مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔حمزہ شہباز کی ہدایت پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان، حمزہ شہباز کے کوارڈی نیٹر صبغت اللہ سید، رکن صوبائی اسمبلی سنبل مالک،سید غلام دستگیر شاہ،عامر اشرف اور دیگر نے راشن تقسیم کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ حکومت کی ایماء پر نیب نے حمزہ شہباز کو جھوٹے اور بے بنیاد مقدمے میں گرفتار کر رکھا ہے۔
حکومت جس طرح کے مرضی اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر لے مسلم لیگ (ن) حمزہ شہباز کے حلقے کی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر ممکن امداد کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی ہدایت پر تمام اراکین اسمبلی اور رہنما بھی اپنے اپنے حلقوں میں مالی امداد اورراشن کی تقسیم کا عمل جار ی رکھے ہوئے ہیں اور اس کا مقصد مشکلات کے گھرے ہوئے لوگوں کا بوجھ بانٹنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کے ہاتھوں جھوٹے مقدمے میں گرفتار حمزہ شہباز کے حلقے میں راشن کی تقسیم کا سلسلہ بلا تعطل جاری رہے گا۔