ٹی وی چینلز نمازِ تراویح براہِ راست نشر کریں،حافظ عاکف سعید

    ٹی وی چینلز نمازِ تراویح براہِ راست نشر کریں،حافظ عاکف سعید

  

لاہور(نمائندہ خصوصی) پاکستان کے تمام ٹی وی چینلز نمازِ تراویح براہِ راست نشر کریں۔بصورت ِ دیگر حکومت نمازِ تراویح میں عوام کی محدود شرکت کے اپنے احکامات پر عمل درآمد نہیں کر اسکے گی۔ یہ بات تنظیم اسلامی کے امیر حافظ عاکف سعید نے ایک بیان میں کہی۔ اُنہوں نے کہا کہ ماہِ رمضان خیر وبرکت کا مہینہ ہے، اس ماہ مقدس کے احترام میں تمام ٹی وی چینلز لا یعنی ڈرامے اور ٹاک شوز کی بجائے اسلامی تعلیمات کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ جید علماء کرام اور سکہ بند اِسلامی مفکرین کو مدعو کر کے دین اِسلام کی روح اور اس کے نظام عدلِ اجتماعی کی اہمیت اور برکات سے لوگوں کو آگاہی دیں تاکہ لوگوں پر دین اسلام کی روح اور اس کے معاشی، معاشرتی اور سیاسی تقاضے ان پر طرح اُجاگر ہو سکیں۔

 اُنھوں نے مزید کہا کہ عالمی طاغوتی قوتوں نے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر قافیہ حیات تنگ کر رکھا ہے۔ آئے روز بے بس اور نہتے عوام پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں اور دنیا کے کسی بھی فورم پر ان کی کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔ اور انتہائی افسوسناک امر ہے کہ امت ِ مسلمہ بھی اس ظلم وزیادتی پر محض خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔اُنھوں نے کہا کہ عالمی طاقتوں اور خاص طور پر اسلامی ممالک کو فلسطین اور کشمیر میں جاری ظلم کے خلاف بھرپور آواز بلند کرنی چاہیے تاکہ مسلمانوں پر جاری ظلم وستم کا خاتمہ ہو اور یہ دنیا امن کا گہوارہ بن جائے۔ اُنھوں نے امت ِ مسلمہ کو اللہ کا یہ وعدہ یاد کرایا کہ تم ہی غالب ہو گے اگر تم مومن ہو۔ لہٰذا یہ کہنا غلط نہ ہو گا کہ بال امت ِ مسلمہ کے کورٹ میں ہے۔ یاد رہے اللہ رب العزت سے زیادہ اپنا وعدہ پورا کرنے والا کوئی نہیں ہے۔کوتاہی اور غفلت ہماری طرف سے ہے۔ ہم اگر اپنی ذمہ داری ادا کریں تو اللہ یقینا رحم فرمائے گا اور ہم دنیا و آخرت، دونوں جہانوں میں سرخرو ہوں گے۔ ان شاء اللہ!

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -