ماہ مقدس رمضان المبارک میں مسلمانوں کو قربانی کا بکر ا نہ بنایا جائے: امریکہ

  ماہ مقدس رمضان المبارک میں مسلمانوں کو قربانی کا بکر ا نہ بنایا جائے: ...

  

واشنگٹن(آئی این پی)امریکی سیکریٹری اسٹیٹ مائیک پومپیو نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلا ؤکی وجہ سے ماہِ رمضا ن المبارک کے دوران مسلمانوں کو قربانی کا بکرا بنانے سے گریز کیا جائے۔ماہ رمضان المبارک کے حوالے سے جاری کردہ اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ یہ مقدس موسم پہلے ہی عالمی وبا ء کی وجہ سے مختلف صورت اختیار کرچکا ہے،ایسے میں مسلمانوں سمیت کچھ مذہبی گرو ہو ں کی مشکلات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔امریکہ میں ماہ رمضان کا آغاز ہوچکا ہے، اس موقع پر مائیک پومپیو نے کہا کہ ہم تمام حکومتوں اور کمیونٹیز پر زور دیتے ہیں کہ اس وقت کو خدمت اور اتحاد پر توجہ دینے، جیسا کہ کورونا وائرس بحران کو روکنے کیلئے جاری لڑائی میں کمزوروں اور پسماندہ طبقے کے افراد کی صحت و تحفظ کو مدِ نظر رکھنے کیلئے استعمال کریں۔مائیک پومپیو کا کہنا تھا رمضان تمام عقائد کے افراد کیلئے ہمدردی کی کوششیں، اپنے عمل پر غور کرنے اور اس بات کو یقینی بنانے کی یاددہانی ہے کہ مشکل وقت میں ہر شخص محفوظ رہے۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ایسا ہی ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا آج ماہِ رمضان کا آغاز ہوگیا ہے،میری دعا ہے جو اس مقدس وقت کو پا رہے ہیں انہیں اپنے ایمان میں راحت ملے۔ گزشتہ مہینوں سے ہم نے دیکھا اس مشکل وقت میں دعا کی طاقت کتنی ہے، میں امریکہ اور دنیا بھر کے تمام مسلمانوں کو رحمت اور امن والے ماہ رمضان کی مبارکباد دیتا ہوں۔امریکی صدر کا مزید کہنا تھا دنیا بھر میں لاکھوں افراد کیلئے رمضا ن روزے رکھنے، نماز پڑھنے تزکیہ نفس کرنے، قرآن کی تلاوت اور فلاحی کام کر کے اپنے ایمان کی تجدید اور اسے مضبوط کرنے کا موقع ہے۔ یہ اعمال ان آفاقی اقدار سے منسلک ہیں جسے مذہب اسلام فروغ دیتا ہے، مثلا امن، رحم دلی اور دوسروں کا احترام۔

امریکہ

مزید :

صفحہ اول -