کورونا کے باعث بر آمدات میں کمی سے 4ارب ڈالر کا دھچکا لگنے کا خدشہ: وزیر خارجہ
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمیں کرونا کے باعث برآمدات میں کمی کی وجہ سے چار ارب ڈالر کا دھچکا لگنے کا خدشہ ہے، بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی مشکلات ختم کرنے کیلئے کوششیں کررہے ہیں، رمضان المبارک میں اگر آپ اپنا حصہ وزیراعظم ریلیف فنڈ میں بھجوائیں گے تو یہ بہت بڑی خدمت ہو گی۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے بذریعہ وڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے جس طرح مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا اس پر سب کا شکر گزار ہوں، اس وقت پوری دنیا کورونا کے چیلنج کے باعث مشکلات سے دوچار ہے، برطانیہ میں کورونا سے قیمتی انسانی جانوں کا جو ضیاع ہوا ہے اس پر شدید دکھ ہے او جو لقمہ اجل بن گئے ان کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار تعزیت کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملے کو شاندار قربانیوں اور خدمات پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں بالخصوص برطانیہ اور امریکہ میں پاکستانی ڈاکٹرز کے کردار کو سراہا جا رہا ہے، بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی مشکلات ختم کرنے کے لئے کوششیں کررہے ہیں، جن کی تعداد 60 ہزار سے زائد ہو چکی ہے، ہم نے کوشش کی ہے کہ پی آئی اے کے علاوہ دوسری ائیرلائن کی خدمات حاصل کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کو وطن واپس لایا جا سکے،شاہ محمود نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ریلیف پروگرام 2020 کا آغاز کر دیا ہے، وزیر اعظم عمران خان کی ٹیلی تھون میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے دل کھول کر حصہ ڈالا۔بعدازاں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی، جس میں ملک میں کرونا وبا کی صورت حال، وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کیے گئے اقدامات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ اس مشکل گھڑی میں پاکستان جیسی کمزور معیشتوں کو سہارا دینے کیلئے عالمی برادری اور عالمی مالیاتی اداروں کا کردار قابل تحسین ہے، کرونا وبا کے پھیلاؤ کو موثر انداز میں روکنے اور طبی استعداد کار میں اضافے کیلئے ہم نے پریپیرڈنس اینڈ رسپانس پلان کا عالمی سطح پر اجراء کر دیا ہے،جس سے ٹیسٹنگ کی استعداد کار بڑھانے اور نئی لیبارٹریوں کے قیام میں مدد ملے گی۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے بیرون ملک مقیم واپسی کے منتظر پاکستانیوں کی جلد وطن واپسی کیلئے بھرپور کوششیں بروئے کار لانے اور عالمی برادری کی توجہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کی زبوں حال معیشت کی طرف مبذول کروانے پر وزیر خارجہ کو مبارکباد دی۔
وزیر خارجہ