کورونا سے دنیا کی سیاست بدل گئی لیکن پاکستانی اپوزیشن کا منفی رویہ نہیں بدلا: عثمان بزدار

  کورونا سے دنیا کی سیاست بدل گئی لیکن پاکستانی اپوزیشن کا منفی رویہ نہیں ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ پاکستان کی بنیادوں کو کرپشن کے ”کورونا وائرس“ نے کھوکھلا کیا، کورونا کے ساتھ کرپشن کا خاتمہ ہماری حکومت کا سرفہرست ایجنڈا ہے،عوام کے تعاون سے کورونا اورکرپشن پر بھی قابو پائیں گے،ماضی میں عوام بنیادی سہولتوں سے محروم رہے اورکرپشن کرنے والے عیش کرتے رہے،اپوزیشن جماعتوں کے پاس کورونا سے نمٹنے کا نہیں بلکہ کرپشن بچانے کا ایجنڈا ہے۔ایک بیان میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ کورونا وباء کے باعث دنیا کی سیاست بدل گئی،بد قسمتی سے پاکستانی اپوزیشن کا منفی رویہ نہیں بدلا، اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے اہم ترین مسئلے پر سیاست چمکانے کی منفی کوشش بری طرح ناکام ہوئی ہے اور مایوس اپوزیشن نے کوروناجیسے اہم قومی مسئلے پر عوام کو مایوس کیا ہے اور 22 کروڑ عوام اپوزیشن جماعتوں کے دوغلے چہرے پہچان چکے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کورونا کی روک تھام کے لئے فیصلے اجتماعی بصیرت اور مشترکہ طورپر کئے گئے ہیں اور حکومت کے بروقت اور دور اندیش اقدامات سے اب تک کورونا کا پھیلاؤماہرین کے خدشات سے کم رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال پر پوری نظر ہے اور پنجاب حکومت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات کئے اور وقت ضائع کئے بغیر محکمہ صحت کوفنڈزجاری کیے گئے لیکن افسوس کی بات ہے کہ اپوزیشن جماعتیں کورونا وائرس جیسے قومی مسئلے پر بھی پوائنٹ سکورنگ کررہی ہیں۔یہ وقت پوائنٹ سکورنگ کا نہیں بلکہ اتحاد کاہے۔ عوام کی زندگیوں کے مسئلے پر سیاست چمکانے کی کوشش قابل مذمت ہے- خالی بیان بازی کرنے والے عام آدمی کا دکھ درد کیا جانیں۔زبانی جمع خرچ سے عوام کا ساتھ دیا جاسکتا ہے نہ عوام آپ کے ساتھ کھڑی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی قیادت موجودہ حالات میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے اورکھڑی رہے گی۔ پراپیگنڈہ کرنے والے جان لیں کہ عوام کی خدمت کھوکھلے دعوؤں سے نہیں ہوتی۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کورونا وباء پر قابو پانے کے لئے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہاکہ سماجی فاصلے قائم رکھنے کی پالیسی پر عملدرآمد کرنے میں ہی تحفظ اور حفاظت ہے لہٰذاعوام گھروں میں رہیں گے تو کوروناوائرس کا پھیلاؤ کم سے کم ہوگا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدارسے صنعتکاروں کے وفد نے ملاقات کی اور کوروناسے متعلقہ ضروری سامان کا عطیہ دیا،وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں نمر(NIMIR) انڈسٹریل کیمیکلز لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ظفر محمود، ڈائریکٹر خالدممتاز قاضی اور ظل (ZIL) لمیٹڈ کے شبیر حسین شامل تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مشکل گھڑی میں ضروری سامان کاعطیہ دینے پر شخصیات کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ آزمائش کے وقت متاثرہ لوگوں کی مددکا جذبہ قابل ستائش ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ وقت دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کا ہے لہٰذا سب کو یکجا ہو کر کورونا وباکیخلاف کام کرنا ہوگا۔

سردار عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -