حمزہ شہباز کا ضمانت پر رہائی کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع

حمزہ شہباز کا ضمانت پر رہائی کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نامہ نگارخصوصی)پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے ضمانت پر رہائی کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔اس سلسلے میں انہوں نے اپنے وکلاء امجد پرویز اور اعظم نذیر تارڑ کی وساطت سے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ ان کے خلاف منی لانڈرنگ کے الزام کو سیاسی بنیادوں پر قائم کیا گیا ہے۔درخواست میں چیئرمین نیب اور ڈی جی نیب لاہورکو فریق بنایا گیا ہے،درخواست میں وکلا ء نے نکتہ اٹھایاہے کہ اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ خصوصی قانون ہے جو،نیب کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔ قانون کے تحت نیب کو اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے زیر اثر آنے والے مقدمات کی تحقیقات کا کوئی اختیار ہی نہیں، درخواست میں نشاندہی کی گئی ہے کہ نیب نے حمزہ شہباز پر 2005ء سے 2008ء کے دوران منی لانڈرنگ کا الزام لگایا جبکہ درخواست گزار اْس وقت پبلک آفس ہولڈر نہیں تھا، درخواست میں بتایا گیاہے کہ جنرل (ر)پرویزمشرف کے دور میں حمزہ شہباز کے تمام خاندان کے کاروبار کی مکمل طور پر چھان بین بھی کی گئی،نیب کے پاس ملزم حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کا ایک بھی ثبوت موجود نہیں، کیس کا تمام ریکارڈ نیب ہے پاس موجود ہے،حمزہ شہباز کی ضمانت پر رہائی کے بعد ان ثبوتوں کے ضائع ہونے کا بھی کوئی خطرہ نہیں، درخواست میں ضمانت کے لئے یہ نکتہ بھی اٹھایا گیاہے کہ حمزہ شہباز ملک کے سب سے بڑے صوبے کے اپوزیشن لیڈر ہیں،گرفتاری کے باعث انہیں اپنی آئینی ذمہ داریاں اداکرنے میں دشواری کا سامنا ہے،درخواست میں ضمانت پر رہائی کی استدعا کی گئی ہے،یاد رہے کہ حمزہ شہباز کی رمضان شوگر ملز کیس میں پہلے ہی ضمانت ہوچکی ہے۔
ضمانت،درخواست

مزید :

صفحہ آخر -