پہلی مرتبہ پی آئی اے کی 14 گھنٹے طویل پرواز میلبورن کیلئے روانہ
لاہور(خصوصی رپورٹ) پی آئی اے کی تاریخ میں پہلی پرواز میلبورن کے لئے 300 سے زائد مسافروں کو لے کر جمعہ کی شام لاہور سے روانہ ہوگئی۔ لاہور ائر پورٹ پر پی آئی اے کے سٹیشن منیجر علی اصغر زیدی نے مسافروں کی معاونت کی۔ آسٹریلیا روانگی کے وقت ائر پورٹ پر مسافروں نے پی آئی اے کی امدادی پرواز چلانے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ پی آئی اے آسٹریلیا کے لئے اپنی معمول کی پروازیں بھی شروع کرے گی اور وہ براہ راست سفر کی سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔ یہ بات خاص طور پر قابل ذکر ہے کہ آسٹریلیا کے شہر میلبورن کے لئے پرواز کا دورانیہ 14 گھنٹے کا ہے جو کہ پی آئی اے کے شیڈول کی سب سے طویل فاصلے کی پرواز ہے۔ میلبورن سے لاہور واپسی کی پرواز پی کے 8963 اتوار 26 اپریل کو روانہ ہوگی۔ دریں اثنا پی آئی اے کی دو پروازیں دبئی سے فیصل آباد پہنچ گئیں۔ پہلی پرواز پی کے 8222 کے ذریعے 142 مسافر دبئی سے فیصل آباد پہنچے۔ دوسری پرواز پی کے 8224 کے ذریعے 140 مسافروں کو دبئی سے فیصل آباد پہنچایا گیا۔ اس موقع پر پی آئی اے کی جانب سے موذی وائرس سے بچاؤ کے لئے مکمل حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔ مسافروں نے پی آئی اے کے بروقت انتظامات پر حکومت پاکستان اور پی آئی اے کا شکریہ ادا کیا۔
پہلی پرواز