مساجد میں حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد کیلئے کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ

  مساجد میں حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد کیلئے کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان (سٹی رپورٹر) مساجد اور امام بارگاہوں میں نماز اور تراویح کے موقع پر کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ہدایات پر عملدر آمد بارے اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا جس میں علمائے کرام اور ضلعی امن کمیٹی کے ممبران نے حکومتی ہدایات کی تائید کر دی ہے۔ممبران ضلعی امن کمیٹی کا کہنا ہے کہ انسانی جان بچانے میں مذہب رکاوٹ نہیں بنتا، اسلام وباء سے بچنے کے(بقیہ نمبر54صفحہ6پر)

لئے حفاظتی تدابیر کی ہدایت کرتا ہے،علمائے کرام نے کہا کہ تمام مساجد میں حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کے لئے کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔اس موقع پر ممبران امن کمیٹی نے شہر میں جاری پتنگ بازی کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی زیرصدارت سرکٹ ہاوس میں منعقدہ اجلاس میں علامہ محمد حنیف جالندھری نے خصوصی شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ علماء اور تاجر برداری کے ساتھ خوشگوار تعلقات برقرار رکھنا چاہتی ہے۔انتظامیہ مساجد اور امام بارگاہ کے معاملات میں مداخلت کرنے کی خواہشمند نہیں،حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کے لئے مساجد میں کمیٹیاں تشکیل دی جائیں، عامر خٹک نے کہا کہ اگر نماز اور تراویح بارے ایس او پیز میں تبدیلی کی ضرورت پڑی تو حکومت پنجاب کو سفارشات ارسال کی جائیں گی،حکومت بنکوں میں کورونا سے حفاظتی اقداما ت بارے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائے گی،عامر خٹک نے کہا کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت ضلع میں ڈیڑھ ارب روپے متاثرین میں تقسیم کئے جا چکے ہیں،ضلعی انتظامیہ مخیر حضرات کے تعاون سے متاثرین کو راشن فراہم کرنے کی پلاننگ کر رہی ہے۔علامہ محمد حنیف جالندھری نے کہا کہ وباء سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ایمانی تقاضا ہے،تمام مسالک کے علمائے کرام کورونا وائرس کے تدارک کے لئے حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں،کوروناوائرس بارے ایس او پیز پر تمام مساجد میں عملدرآمد کرائیں گے،علامہ حنیف جالندھری نے کہا کہ کچھ لبرل لوگ کورونا وائرس کی آڑ میں دین اور مساجد کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس میں پوسٹنگ کا ایک سال مکمل ہونے پر ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کو مبارک باد بھی دی گئی۔ممبران نے کہا کہ ایک سال کے دوران ڈپٹی کمشنر اور ان کی ٹیم نے بے مثال کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔علی رضا گردیزی نے کہا کہ قرنطینہ سے رخصت ہونے والے زائرین کے لبوں پر انتظامیہ کی تعریف قابل فخر بات ہے،شفقت حسنین بھٹہ نے کہا کہ کورونا وائرس اور قرنطینہ انتظامات پر ہم ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،مظہر جاوید نے کہا کہ اتحاد بین المسلمین کے لئے عامر خٹک نے نمایاں کردار ادا کیاہے، امن کمیٹی کے اجلاس میں کورونا وائرس کی وباء کے خاتمہ کے لئے دعا بھی کی گئی۔ دعا علامہ محمد حنیف جالندھری نے کرائی۔اجلاس میں ایس پی ربنواز تلہ،سید علی رضاگردیزی،شفقت حسنین بھٹہ،علامہ عبدالحق مجاہد،زاہد بلال قریشی،محمد سلیم بلالی،مفتی عنایت اللہ رحمانی،ظفراقبال صدیقی،مظہر جاوید،اصغرعباس نقوی،مزین عباس چاون بھی شریک تھے۔
کمیٹیاں