مطالبات منظوری کیلئے ملازمین کا احتجاج، یوٹیلیٹی سٹور ز کو تالے
ملتان‘ میلسی‘ کوٹ ادو‘ وہوا (نیوز رپورٹر‘ سپیشل رپورٹر‘ تحصیل رپورٹر‘ نمائندہ پاکستان) ملتان سمیت ملک بھر کے یوٹیلٹی سٹورز ملازمین نے مطالبات کے حق میں یوٹیلٹی سٹورز بند کردیے اور ہڑتال کردی۔جسکے باعث خریداروں کو شدید مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی کال پر کی گئی ہڑتال کے سبب ملازمین نے جمعہ کی صبح ہی یوٹیلٹی سٹورز کی تالہ بندی کردی۔جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا مطالبہ ہے (بقیہ نمبر38صفحہ7پر)
انہیں اضافہ شدہ تنخواہ دی جائے۔ملازمین کے الاونسز اور واجبات ادا کئے جائیں۔کنٹریکٹ و ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کیا جائے۔موجودہ صورتحال کے باعث کورونا رسک الاونس دیا جائے۔جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے تمام مطالبات تسلیم اور چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدرآمد کیا جائے۔اگر مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو مکمل ہڑتال کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ادھر یوٹیلٹی سٹورز پر خریداری کے لئے آئے ہوئے افراد کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک سے قبل وہ خریداری کے لئے آئے تھے تاکہ سستی اور سبسڈائزڈ(رعائتی) نرخوں پر دستیاب اشیاء خرید سکیں۔مگر یوٹیلٹی سٹورز بند ہونے پر انہیں شدید مایوسی ہوئی۔ آل پاکستان یوٹیلیٹی اسٹور ورکرز یونین نے ہڑتال کردی ہے جس کے سبب آج سے ملک بھر کی طرح تحصیل کوٹ ادو میں بھی تحصیل بھر کے20سے زائد یوٹیلیٹی اسٹورز بھی بند کردئے گئے،اس حوالے سے آل پاکستان ورکر یونین ضلع مظفرگڑھ ریجن کے صدر ملک خالد،تحصیل کوٹ ادو کے صدر شیخ صفدر نے کہا کہ زونل چئیرمین آل پاکستان ورکر یونین ملک عدیل برار کی ہدایت پر ریجن کے تمام یوٹیلٹی سٹور مطا لبات پورے نہ ہونے تک بند کردیے گئے ہیں،انہوں نے کہا کہ کئی مرتبہ کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کی درخواستیں کر چکے ہیں لیکن کہیں شنوائی نہیں ہوئی،نہ تو ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ ملازمین کو رمضان المبارک میں بنیادی تنخواہ کے برابر بونس دینے کا اعلان کیا گیا اور نہ ہی کورونا وائرس کے پیش نظر حفاظتی کٹس دی گئیں،انہوں نے کہا کہ جب تک ہمارے تمام جائز حقوق نہیں دیے جاتے اسٹورز کے تالے نہیں کھولے جائیں گے اور یوٹیلیٹی سٹورز بند رہیں گے،دوسری طرف لاک ڈاؤن کے مارے شہری حکومتی پیکیج سے بھی محروم ہو گئے اور رمضان المبارک شروع ہونے پر سحری وافطاری کی خریداری کیلئے شہریوں کو مشکلات کا سامناہے،شہریوں نے کہا ہے کہ حکومت فوری طور پر ان سے مذاکرات کرکے یوٹیلٹی سٹور کھلوائے تاکہ شہری سستی اشیاء سے مستفید ہو سکیں۔ ماہ رمضان کے مقدس مہینہ کی آمد کے ساتھ ہی عوام سستے داموں اشیاء روزمرہ کی خریداری سے محروم ہو کر رہ گئے اور بازار سے مہنگے داموں گھی، چاول، کوکنگ آئل، دال سمیت دیگر اشیاء خریدنے پر مجبور ہیں جبکہ بازاروں میں ماہ رمضان کی آمد کے ساتھ روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں اور شہری لٹنے پر مجبور ہو رہے ہیں یہ صورت حال عوام کے لیے شدید پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے جبکہ دوسری جانب یوٹیلٹی سٹور ملازمین نے اپنے مطالبات کی منظوری تک سٹورز نہ کھولنے کا اعلان کیا ہے انہوں نے حکومت سے کنٹریکٹ ملازمین کی فوری مستقلی سمیت دیگر مطالبات کی منظوری کا مطالبہ کیا ہے جبکہ شہریوں احسان اللہ، محمد علی، عبدالجبار، غفور احمد، غلام شبیر، امان اللہ، فتح محمد نے حکام بالاء سے یوٹیلٹی سٹورز کو کھلوا کر شہریوں کو سستے داموں اشیاء روزمرہ کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے
یوٹیلٹی سٹورز