شہید پائلٹ‘ انجینئر کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا‘ نعمان لنگڑیال

  شہید پائلٹ‘ انجینئر کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا‘ نعمان لنگڑیال

  

ملتان (سپیشل رپورٹر) حکومت پنجاب ٹڈی دل کے کنٹرول کیلئے چولستان میں فضائی سپرے کے دوران فنی خرابی کے باعث گرنے والے جہاز کے شہید پائلٹ شعیب ملک اور انجینئر فواد بٹ کو ان کی گرانقدر خدمات کے عوض سلام پیش کرتی ہے۔شہداء کی لازوال خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔حکومت پنجاب ان شہداء کے خاندانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے یہ بات وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے چولستان میں ٹڈی دل کے کنٹرول کیلئے فضائی(بقیہ نمبر30صفحہ6پر)

سپرے کے آپریشن کے دوران گرنے والے جہاز کے شہید ہونے والے پائلٹ اور انجینئر کے اہلخانہ سے ان کے گھرجا کر تعزیت اور فاتحہ خوانی کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ دریں اثناء وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے شہید پائلٹ کے اہلخانہ کو15 لاکھ جبکہ شہید انجینئرکے اہلخانہ کو10 لاکھ روپے کے امدادی چیک پیش کئے۔وزیر زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ مالی امداد کسی کی جان کا مداوا نہیں ہے۔کاشتکاروں کو ٹڈی دل کی آفت سے نجات دلانے کیلئے فضائی آپریشن بیحد ضروری تھا۔اسی وجہ سے ہمارے ان دو بہادر سپوتوں نے ڈیوٹی کو مقّدم جانتے ہوئے اس فضائی آپریشن کو سرانجام دیا۔اسی آپریشن کے دوران فنی خرابی کے باعث دونوں کارکنان کی شہادت ہوئی۔شہید ہونے والے پائلٹ اور انجینئر کی لازوال خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے بتایا کہ کاشتکاروں کو ٹڈی دل کی آفت سے نجات دلانے کیلئے صوبہ بھر میں اب بھی اس کی مانیٹرنگ اور سرویلنس کا عمل جاری ہے اور خصوصی ٹیموں کے ذریعے ٹڈی دل کی مانیٹرنگ اور سرویلنس کی جا رہی ہے۔ماہ مارچ سے اب تک1 لاکھ ہیکٹر سے زائد رقبہ کی سرویلنس مکمل کی جا چکی ہے اور ٹڈی دل کے متاثرہ ڈویژن ساہیوال، ڈی جی خان، سرگودھا اور فیصل آبادمیں 12 ہزار ہیکٹر متاثرہ رقبہ پر سپرے کی جا چکی ہے۔اس ضمن میں محکمہ زراعت و دیگر متعلقہ محکمے پوری طرح چوکس ہیں اور ٹڈی دل کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔انشاء اللہ بہت جلد اس آفت سے کاشتکاروں کو ہمیشہ کیلئے نجات مل جائے گی۔اس سلسلے میں حکومت ایک جامع پلان کے مطابق کام کر رہی ہے۔

نعمان لنگڑیال

مزید :

ملتان صفحہ آخر -