ذخیرہ اندوزوں پر کڑی نظر، گندم کی سمگلنگ روکنے کیلئے سخت اقدامات کر رہے ہیں: عبد العلیم خان

        ذخیرہ اندوزوں پر کڑی نظر، گندم کی سمگلنگ روکنے کیلئے سخت اقدامات کر ...

  

بہاولپور(بیورورپورٹ‘ڈسٹرکٹ رپورٹر) سینئر صوبائی وزیر و وزیر خوراک پنجاب عبد العلیم خان نے کہا ہے کہ پنجاب کی گندم پر پہلا حق صوبے کی عوام کا ہے جبکہ خیبر پختونخواہ سمیت دیگر صوبوں کو قانونی طریقہ کار کے مطابق گندم فراہم کی جائے گی۔ سرکٹ ہاؤس بہاول پور میں میڈیا بریفنگ کے دوران صوبائی وزیر خوراک پنجاب عبد العلیم خان نے کہا کہ بہاول پور ڈویژن سے گندم کی خریداری کا ہدف (بقیہ نمبر6صفحہ6پر)

ساڑھے آٹھ لاکھ میٹرک ٹن مقرر کیا گیا ہے جبکہ ڈویژن میں گندم کی فی ایکڑ پیداوار اندازے سے پچیس فیصد زیادہ ہے جس کے لئے گندم خریداری ہدف بڑھایا جا سکتا ہے۔ کاشتکاروں سے گندم کا دانہ دانہ خریدا جائے گا اور ان کو پورا معاوضہ ملے گا۔کاشتکار زائد وزن نہ دیں اور پورے وزن کے ساتھ پورا معاوضہ حاصل کریں۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں شکایات پر سخت کاروائی ہو گی۔ گندم کی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے سخت اقدامات کئے جا رہے ہیں۔عبد العلیم خان نے کہا کہ غیر قانونی اور ذخیرہ اندوزوں کے لئے گندم خرید کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور ایسا کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔قبل ازیں صوبائی وزیر کو بہاول پور ڈویژن میں گندم خریداری مہم کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ گندم سٹاک انونٹری کی کمپیوٹرائزڈ سافٹ ویئر کے ذریعے روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جائے اور گندم خریداری ہدف بروقت مکمل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ گندم خریداری مراکز پر کورونا سے تحفظ کے لئے احتیاطی تدابیر پر مکمل عملدرآمد کیا جائے۔صوبائی وزیر خوراک عبد العلیم خان نے کمشنر آفس بہاول پور میں ایک اجلاس میں شرکت کی جہاں انہیں کورونا کی صورتحال اور اس سے تحفظ کے اقدامات بارے آگاہ کیا گیا۔کمشنر بہاول پور ڈویژن آصف اقبال چوہدری نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے کورونا سے تحفظ کے حوالہ سے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔اجلاس میں سیکرٹری خوراک پنجاب محمد وقاص علی محمود، ڈپٹی کمشنر شوزب سعید،ترجمان پنجاب حکومت سمیرا ملک اور دیگر افسران موجود تھے۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ بہاول پور میں کورونا ٹیسٹنگ لیب کو جلد فنگشنل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران مساجد میں احتیاطی اقدامات کے مطابق نماز تراویح کا اہتمام کیا جائے اور اس حوالے سے آگاہی مہم چلائی جائے۔ سینئر صوبائی وزیر و زیر خوراک پنجاب عبد العلیم خان سے بہاول پور سے تعلق رکھنے والے پارلیمنٹرین اور پی ٹی آئی کی مقامی قیادت نے سرکٹ ہاؤس میں ملاقات کی جن میں اراکین صوبائی اسمبلی گزین عباسی، احسان الحق چوہدری، ڈاکٹر محمد افضل، افتخار گیلانی، فرزند علی گوہیر، اصغر علی جوئیہ،سمیرا ملک، ملک عثمان چنڑ، عنایت کریم، نبیل الرحمن ودیگر شامل تھے۔ صوبائی وزیر عبد العلیم خان نے کہا کہ اراکین اسمبلی کے نشاندہی کردہ مسائل فوری حل کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی ورکرز ہمارا اثاثہ اور عمران خان کے مشن کے امین ہیں ہم ان کی قدر کرتے ہیں۔سینئر صوبائی وزیر و وزیر خوراک عبد العلیم خان نے گندم خریداری مراکز ڈیرہ بکھا اور بنی شیل کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے گندم خریداری کے امور کا معائنہ کیا۔ مراکز گندم خریداری میں آئے ہوئے کاشتکاروں سے ملاقات کی اور ان سے گندم خریداری اور دی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری خوراک محمد وقاص، ڈپٹی کمشنر بہاول پور شوزب سعید، ترجمان حکومت پنجاب سمیرا ملک، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شاہد عمران مارتھ،ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ شبیر علوی، ڈی ایف سی اعجاز سیال سمیت دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ سینئر صوبائی وزیر و وزیر خوراک عبد العلیم خان نے گندم میں نمی کا تناسب میٹر سے چیک کیا جس پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر بتایا گیا کہ بہاول پور ضلع میں گندم خریداری کا ہدف 3لاکھ 17ہزار 461میٹرک ٹن مقرر کیا گیا ہے اور اب تک 102504میٹرک ٹن گندم خریدی جا چکی ہے۔ اسی طرح بنی شیل گندم خریداری مرکز میں ہدف 13000میٹرک ٹن ہے جس میں سے 4946میٹرک ٹن گندم خرید لی گئی ہے جبکہ ڈیرہ بکھا گندم خریداری مرکز میں ہدف خریداری 12000میٹرک ٹن ہے جس میں سے اب تک 3636میٹرک ٹن گندم خریدی جا چکی ہے۔ سینئر صوبائی وزیر و وزیر خوراک نے گندم خریداری مراکز میں کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے صابن سے ہاتھ دھونے اور سینی ٹائزر کے استعمال اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے لئے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ گندم خریداری کا عمل اسی طرح جاری رکھا جائے اور مطلوبہ ہدف سو فیصد حاصل کیا جائے۔

عبدالعلیم خان

مزید :

ملتان صفحہ آخر -