صوبائی حکومت کو بتا دیا کہ ان کے ہر فیصلہ میں ساتھ ہیں: گورنر سندھ

صوبائی حکومت کو بتا دیا کہ ان کے ہر فیصلہ میں ساتھ ہیں: گورنر سندھ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کو واضح کردیا ہے کہ وہ کورونا وائرس کے پیش نظر جو بھی فیصلہ کریں گے ہم ان کے ساتھ کھڑے ہونگے بدقسمتی سے اسے غلط رنگ دینے کی کوشش کی جارہی ہے یہ انتہائی مشکل وقت ہے ہمیں صبر و تحمل سے بات کرنی چاہئے اس معاملہ پر سیاست سے پرہیز کیا جائے وزراء بھی بیان دیتے وقت حالات کی نزاکت کو سمجھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہاؤس میں فیلڈ آئسو لیشن سینٹرکو 3000حفاظتی سوٹ دینے کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ آن لائن کاروبار کی اجازت دے دی گئی ہے اس سے 20 سے 25 فیصد کاروبار شروع ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ کاروبارکے دورانئے کو مزید بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں سب ایک دوسرے کی طرف دیکھ رہے ہیں کچھ نہیں کہ سکتے کہ یہ وباء آئند 15 سے 20 دنوں میں مزید بڑھے گی یا کم ہوگی لیکن ہمیں تیار رہنا ہوگا ہمارے پاس اسپتالوں میں اتنی گنجائش ہونی چاہئے کہ اگر یہ وباء بڑھی تو اس کو اچھے طریقہ سے سنبھالا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ متاثر ہ ممالک میں امریکہ، اٹلی، ایران اور دیگر ممالک ہیں جہاں پر اسمارٹ لاک ڈاؤن کو اپنایا جا رہا ہے اسی طرح پاکستان میں بھی اسمارٹ لاک ڈاؤن کو اپنایا جا رہاہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ابتدا ء ہی سے اسمارٹ لاک ڈاؤن کے حامی ہیں اور انہوں نے اس ضمن پالیسی کی تیاری کا کام شروع کردیا ہے جسے اسمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی کا نام دیا جائے گا۔ گورنرسندھ نے کہاکہ یہ پالیسی صوبوں سے مشاورت کے بعد پورے ملک میں یکساں طور پر نافذ کی جائے گی۔تقریب میں گورنرسندھ عمران اسماعیل نے فیلڈ آئسولیشن سینٹر کے حکام کو 3000 حفاظتی سوٹ عطیہ کئے۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ ڈاکٹر، طبی عملہ اور صفائی پر مامور ملازمین کورونا کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن سولجرز ہیں انھیں حفاظتی ساز و سامان کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈیز اسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے سب سے زیادہ حفاظتی ساز و سامان صوبہ سندھ کو دیا ضرورت ہوئی تو مزید حفاظتی سوٹس، ماسک، سینی ٹائزر زاور دیگر ساز و سامان فراہم کیا جائے گا۔گورنرسندھ نے کہا کہ وزیراعظم عوام کی صحت اور معاشی سرگرمیوں میں توازن چاہتے ہیں۔گورنرسندھ اسمارٹ لاک ڈاؤن کے ذریعہ ایسا کیا جا سکتا ہے لاک ڈاؤن سے متاثرہ افراد کے لئے وزیراعظم نے 1200 ارب روپے کے پیکج کا اعلان کیا ہے۔

مزید :

صفحہ اول -