عوام کورونا سے بچاؤ کیلئے لاک ڈاؤن پر عملدر آمد کریں: شوکت یوسفزئی

عوام کورونا سے بچاؤ کیلئے لاک ڈاؤن پر عملدر آمد کریں: شوکت یوسفزئی

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر محنت و ثقافت شوکت یوسفزئی نے گزشتہ روز چکیسر ہسپتال، قرنطینہ سنٹرز اور آئیسولیشن وارڈ کا دورہ کیا اور وہاں کورونا وائرس سے بچاؤ اور متاثرہ افراد کے علاج معالجے کے لئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ہسپتال کے میڈیکل سپریٹنڈنٹ نے صوبائی وزیر کو چکیسر ہسپتال میں قائم قرنطینہ اور آئیسولیش وارڑز میں موجود سہولیات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر صوبائی وزیر کے ہمراہ پی ٹی آئی کے ضلعی رہنما وقار احمد خان، سدیدالرحمان، اختر علی چٹان، حاجی لقمان، نواز خان، ظہوراحمد بھی تھے۔ شوکت یوسفزئی نے تمام ڈاکٹرز، پیرامیڈکس، پولیس جوانوں اور ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ اور کہا کہ آپ لوگ ہمارے ہیروز ہیں قوم آپ کے اس بہادرانہ اور جرات مندانہ اقدام کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمیں اپنے ڈاکٹروں، پیرامیڈکس، فوج، پولیس اور ضلعی انتظامیہ پر فخر ہے کہ انہوں نے اس مشکل وقت میں وسائل کی کمی کے باوجود اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر عام لوگوں کی زندگی بچانے میں فرنٹ لائن پر موجود ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پوری کوشش کر رہی ہے کہ لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا کرے، لاک ڈاؤن میں نرمی کرے لیکن عوام کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ کورونا وائرس سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنائیں اور کم سے کم گھروں سے باہر نکلیں۔ انہوں نے کہا کہ جو گائیڈلائنز حکومت نے دی ہیں ان پر عمل کیا جائے۔ وہ پشاور پہنچ کر وزیراعلی محمود خان اور وزیر صحت تیمور جھگڑا سے ملاقات کرکے شانگلہ کے ہسپتالوں میں بنیادی سہولیات کی کمی سے آگاہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعلی محمود خان کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اس مشکل وقت میں شانگلہ کو ریسکیو 1122 کا تحفہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کا سفر شروع ہوچکا ہے عوام نے ساتھ دیا تو شانگلہ کو انشاء اللہ ماڈل ضلع بنا کر دکھاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کی عوام غریب مزدور پیشہ ہے۔ لوکل روزگار نہ ہونے کی وجہ سے وہ دوسرے شہروں اور دوسرے صوبوں میں جاکر مزدوری کرتے ہیں۔ ہمارے پاس قدرتی حسن سے مالامال علاقے موجود ہیں انہیں تھوڑی سی توجہ اور ترقی دے کر شانگلہ کو سیاحت کا مرکز بنا سکتے ہیں۔ صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء نے پوری دنیا کو لپیٹ میں لیا ہے۔ اس وقت سب سے زیادہ ترقی یافتہ ممالک اس کا شکار بنے ہوئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان اور صوبے میں وزیر اعلیٰ محمود خان کی بہترین حکمت عملی اور بروقت فیصلوں کی وجہ سے پاکستان اور خصوصی طور پر خیبرپختونخوا میں صورتحال کنٹرول میں ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان کو ایک مضبوط اعصاب والا ایمان دار اور بہادر لیڈر ملا ہے۔ عمران خان اس وقت سب سے زیادہ غریبوں کی فکر کر رہے ہیں۔ انہوں نے صاحب ثروت لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اردگرد موجود غریبوں پر ضرور توجہ دیں اور رمضان المبارک کے اس بابرکت مہینے میں ان کی بھرپور مدد کریں۔ شوکت یوسفزئی اپنے حلقے شانگلہ الپوری، لیلونء، شاہپور، چکیسر اور میرہ میں پارٹی ورکرز کے وفات پانے والے عزیز واقارب کے فاتحہ خوانی کے لیے بھی گئے اور مرحومین کی ایصال ثواب کے لئے دعائیں مانگی۔

مزید :

صفحہ اول -