جعلی افسر بن کر پولیس اہلکاروں سے سامان منگوانے والی خاتون گرفتار، کیا کچھ منگواتی رہی؟ حیران کن خبرآگئی
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں لاک ڈاﺅن کے دوران نقلی آئی پی ایس آفیسر بن کر پولیس والوں سے سامان منگوانے والی خاتون گرفتار ہو گئی۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اس سرمستھا بہرا نامی خاتون کا تعلق بھارتی ریاست اوڑیسا کے شہر بھوبنیشور سے تھا۔ وہ پولیس والوں کو اپنا تعارف کراتے ہوئے کہتی کہ وہ 2018ءبیچ کی آئی پی ایس آفیسر ہے اور اسے فلاں فلاں چیز کی ضرورت ہے۔ پولیس والے سامان اس کے گھر پہنچا دیتے۔
وہ اب تک کئی پولیس سٹیشنز میں فون کرکے نقد رقم، اشیائے خورونوش اور دیگر چیزیں منگوا چکی تھی۔ بالآخر ایک تھانے کے اہلکاروں کو اس پر شک ہوا اور انہوں نے تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ خاتون جعلی آئی پی ایس آفیسر بنی ہوئی تھی۔ اس پر پولیس کی ٹیم اس کے گھر پہنچ گئی اور اسے گرفتار کر لیا۔ خاتون کے گھر سے لیڈی پولیس آفیسر کی یونیفارم، جعلی آئی ڈی کارڈ اور ایک کھلونا پستول بھی برآمد ہوئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمہ سے تفتیش کی جا رہی ہے۔