بھارتی ٹیم کا دورہ آسٹریلیا ممکن بنانے کیلئے کس بات پر غور شروع کر دیا گیا؟ انتہائی حیران کن خبر آ گئی
سڈنی (ڈیلی پاکستان آن لائن) کورونا وائرس کے باعث مالی مشکلات کا شکار آسٹریلین کرکٹ بورڈ نے بھارتی ٹیم کا دورہ آسٹریلیا ممکن بنانے کیلئے سفری پابندی سے استثنیٰ دینے پر غور شروع کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں مصروف آسٹریلوی حکومت نے فی الحال سخت ترین اقدامات اٹھا رکھے ہیں،دوسری طرف کرکٹ کی سرگرمیاں معطل ہونے سے مالی مشکلات کا شکار بورڈ نقصان کی تلافی کیلئے راستے تلاش کر رہا ہے۔
آسٹریلین وزیراعظم سکاٹ موریسن نے سٹیٹس اور میڈیکل پینل کو ہدایت دی تھی کہ وہ کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کرنے کیلئے ممکنہ اقدامات تجویز کریں۔ ذرائع کے مطابق آسٹریلین بورڈ کی کوشش ہے کہ رواں سیزن کے آخر تک اگر حالات قدرے بہتر ہوجائیں تو بھارتی ٹیم کو بلانے کیلئے سفری پابندیوں میں نرمی کردی جائے۔
واضح رے کہ یہ سیریز نہ ہونے سے آسٹریلوی بورڈ کو 300 ملین ڈالر کا نقصان ہو گا جبکہ اس سے قبل وہ پہلے ہی کورونا وائرس کے باعث اپنے 80 فیصد ملازمین کو گھروں میں بٹھا چکا ہے جبکہ ایگزیکٹو عہدوں پر کام کرنے والے افراد کی تنخواہوں میں 20 فیصد کٹوتی کی گئی ہے۔