”احسان مانی نے پی ایس ایل میچز پر جوئے کے سکینڈل سے توجہ ہٹانے کیلئے یہ بات کہی ہے“ عامر سہیل نے پریشان کن دعویٰ کر دیا

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان عامر سہیل نے دعویٰ کیا ہے کہ احسان مانی جوئے کی کمپنی سے معاہدے کے سکینڈل سے توجہ ہٹانے کیلئے فکسنگ کو جرم قرار دلانے جیسی باتیں کر رہے ہیں کیونکہ اگر وہ سنجیدہ ہوتے تو ماضی میں مشکوک سرگرمیوں میں ملوث رہنے والوں کو کیوں کرکٹ بورڈ میں جمع کرتے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کے میچز ایک غیرملکی جوئے کی ویب سائٹ پر لائیو دکھائے جانے کا انکشاف ہوا تھا جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے موقف اختیار کیا کہ اس کی اجازت کے بغیر میڈیا پارٹنر نے ایسا کیا لیکن اس کیس کو ایک مہینے سے زائد گزر جانے کے باوجود بھی کوئی ٹھوس کارروائی سامنے نہیں آ سکی جس پر سابق کپتان عامر سہیل نے حیرت کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے ایک نجی ٹی وی کو دئیے گئے انٹرویو میں کہا کہ پی سی بی نوٹس نوٹس تو کھیل رہا ہے لیکن ابھی تک ایکشن کون سا لیا؟ کوئی کارروائی ہوتی تو نظر نہیں آ رہی، اپنے لبوں کو جنبش دینے یا ای میل جاری کرنے کے بجائے میڈیا پارٹنر سے معاہدہ پورے پاکستان کیلئے اپنی ویب سائٹ پر ہی لگا دیتے اور اس کیساتھ ہی وہ شق بھی نمایاں کر دیتے جس کی خلاف ورزی ہوئی تاکہ لوگوں کو بھی معلوم ہوتا کہ اصل ماجراءکیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زبانی کلامی باتوں سے فرق نہیں پڑتا بلکہ یہ بتایا جائے کہ معاہدے کی خلاف ورزی کہاں ہوئی اور اگر واقعی ایسا ہوا تو اب تک اسے منسوخ کیوں نہیں کیا گیا؟ ٹھیک ہے کہ قانونی معاملات دیکھنے پڑتے ہیں مگر جہاں اتنی بڑی خلاف ورزی ہو وہاں معاہدہ معطل تو کیا ہی جا سکتا تھا مگر ابھی تک یہ بھی نہیں ہوا، اس سے ایسا لگتا ہے کہ کہیں نہ کہیں کچھ چھپایا جا رہا ہے۔
ایک سوال پر عامرسہیل نے کہا کہ آپ کے پاس جسٹس قیوم کی رپورٹ موجود ہے اس پر تو عمل نہیں کرتے، اگر ایسا کیا تو اس سے بڑا سخت پیغام جائے گا اور اس کے بعد کھلاڑی غلط کام کرتے ہوئے ڈریں گے، آپ فکسنگ کو مکمل ختم نہیں کر سکتے البتہ کمی لانا ضرور ممکن ہے، آپ جب دہرے معیار لے کر آئیں گے تو مسائل تو ہونے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے ابھی سنا ہے کہ احسان مانی نے فکسنگ کو جرم قرار دلانے کیلئے حکومت سے بات کرنے کا کہا ہے تاکہ ایسے کھلاڑیوں کو سزا مل سکے لیکن میں یہ سمجھتا ہوں کہ جب سے جوئے کی کمپنی کیساتھ معاہدے کے سکینڈل کا انکشاف ہوا ہے یہ اس سے توجہ ہٹانے کیلئے ایسی باتیں کر رہے ہیں کیونکہ اگر یہ اس پر سنجیدہ ہوتے تو ماضی میں مشکوک سرگرمیوں میں ملوث رہنے والوں کو کیوں کرکٹ بورڈ میں جمع کرتے۔