”جیسن روئے نے پی ایس ایل 5 کے دوران ڈریسنگ روم میں 5 بلے توڑے“ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے دلچسپ انکشاف کر دیا

”جیسن روئے نے پی ایس ایل 5 کے دوران ڈریسنگ روم میں 5 بلے توڑے“ کوئٹہ گلیڈی ...
”جیسن روئے نے پی ایس ایل 5 کے دوران ڈریسنگ روم میں 5 بلے توڑے“ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے دلچسپ انکشاف کر دیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم کے اوپننگ بلے باز جیسن روئے نے پانچویں سیزن کے دوران اپنے 5 بلے توڑے۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے ملتوی شدہ پانچویں ایڈیشن میں جیسن روئے نے 8 اننگز میں 33.28 کی اوسط کیساتھ 233 رنز بنائے اور ان کا سٹرائیک ریٹ 120.1 رہا لیکن اپنی ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے دوسرے بلے باز رہنے کے باوجود بھی ان کی کارکردگی میں کہیں نہ کہیں کمی نظر آئی۔

ندیم عمر نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ”بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ جیسن روئے نے اپنے تمام بلے توڑ دئیے، ان کے پاس کل پانچ بلے تھے جو انہوں نے ڈریسنگ روم میں توڑے۔ ہم نے راولپنڈی میں احمد شہزاد کی مدد سے ان کیلئے نئے بلوں کا بندوبست کیا۔“

ندیم عمر نے اس موقع پر پانچویں سیزن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اوپننگ جوڑی کی جانب سے قابل ذکر کارکردگی نہ دکھانے کا ذکر بھی کیا اور کہا ”جیسن روئے ایک ہی بات کہتے تھے کہ وہ گیند کو مڈل نہیں کر پا رہے۔ جبکہ میرے خیال سے شین واٹسن اور جیسن روئے ایک دوسرے کیساتھ چل نہیں سکے کیونکہ واٹسن بڑی شاٹس کھیلنے کو ترجیح دیتے ہیں جبکہ جیسن روئے سکور بنانے کیلئے وکٹوں کے درمیان دوڑنے کو بھی ترجیح دیتے ہیں۔ ہم نے دونوں سے ہی نچلے نمبروں پر بیٹنگ کرنے کو بھی کہا تاہم دونوں نے ہی جائز وجوہات بتاتے ہوئے اس سے انکار کر دیا۔ “

واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم پانچویں ایڈیشن میں 10 میچز میں 9 پوائنٹس حاصل کر کے پانچویں پوزیشن پر آئی اور پشاور زلمی کے مقابلے میں کم رن ریٹ کی بنیاد پر پلے آف مرحلے کیلئے بھی کوالیفائی نہ کر سکی۔

مزید :

کھیل -PSL -PSL News Update -