ہسپتال کے گیٹ پر بچے کی پیدائش ، ثمر ہارون بلور نے خیبر پختونخوا حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا

 ہسپتال کے گیٹ پر بچے کی پیدائش ، ثمر ہارون بلور نے خیبر پختونخوا حکومت کو ...
 ہسپتال کے گیٹ پر بچے کی پیدائش ، ثمر ہارون بلور نے خیبر پختونخوا حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا

  

پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)عوامی نیشنل پارٹی کی صوبائی ترجمان ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ کورونا کی وبائی صورتحال نے خیبر پختونخوا میں صحت کے انصاف کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے، صوبے کے سب سے بڑے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں کھلے آسمان تلے بچے کی پیدائش شرمناک ہے،عوامی نیشنل پارٹی بار بار مطالبہ کرچکی ہے کہ حکومت ہسپتالوں اور ان کی سروسز سے متعلق فہرست عوام کے ساتھ شیئر کریں اور عوام کو بتایا جائے کہ صوبے کے کس ہسپتال میں کیا خدمات فراہم کی جارہی ہیں؟۔

 تفصیلات کے مطابق رکن صوبائی اسمبلی ثمر ہارون بلور نے کہا کہ آئین کی رو سے شہریوں کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کرنا ریاست اور حکومت کی ذمہ داری ہے،تبدیلی سرکار میں ریاست اور حکومت اپنی یہ ذمہ داریاں نبھانے میں ناکام رہی ہے،  میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوٹ(ایم ٹی آئی)آرڈیننس کے ذریعے خیبر پختونخوا کے ہسپتالوں کا بیڑا غرق کر کے رکھ دیا گیاہے،عمران خان نے اپنے کزن نوشیروان برکی کے ہاتھوں صحت کے شعبے کا ستیاناس کردیا ہے،صوبہ بھر کے ہسپتالوں کا نظام امریکہ سے سکائپ کے ذریعے چلایا جارہا ہے اور صوبہ بھر میں کوئی ایسا ہسپتال نہیں جو مالی اور انتطامی بحران کا شکار نا ہو۔

انہوں نےکہاکہ کےآئی ایچ میں آکسیجن کی کمی کےباعث معصوم جانیں ضائع ہوئیں لیکن اس سانحے کی شفاف تحقیقات کی کوئی جامع رپورٹ سامنےنہیں آئی،لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں اربوں کی کرپشن کا انکشاف ہوا لیکن کوئی تحقیقاتی ادارہ حرکت میں نہیں آیا۔ ثمر ہارون بلورنےکہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں کوئی ادارہ اور محکمہ ایسا نہیں بچا جو تباہی سے دوچار نا ہوا ہو، صحت کے شعبے میں اس طرح کی مجرمانہ غفلت لوگوں کی صحت سے کھیلنے کے مترادف ہے، تبدیلی کے دعویدار وں کے جھوٹے وعدے اور دعوے ایک ایک کر کے عوام کے سامنے آرہے ہیں، صوبہ کے عوام موجودہ حکمرانوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔

واضح رہے کہ آج خیبرپختونخوا کے سب بڑے تدریسی ہسپتال ایل آر ایچ میں ڈیلوری کے لئے لائی گئی خاتون نے بچے کو ہسپتال کے مین گیٹ پر جنم دیا ،ہل خانہ کے مطابق خاتون کو گھر سے لیبر روم لے جا رہے تھے کہ سکیورٹی گارڈ نے روک دیا، گارڈ کے روکنے پر خاتون نے ہسپتال کے باہر گیٹ پر ہی بچے کو جنم دیا۔دوسری طرف ترجمان ایل ار ایچ کے مطابق بچے کی ولادت ایل آر ایچ کے گائنی فیسیلیٹی تک پہنچنے سے پہلے ہوئی، سیکیورٹی گارڈ نے مدد کی کوشش لیکن راستے میں ہی بچے کی ولادت ہوئی، ایل آر ایچ میں گائنی کے ایمرجنسی آپریشنز اور ڈیلیوریز 24 گھنٹے کی جاتی ہے۔

مزید :

علاقائی -خیبرپختون خواہ -پشاور -