بھارت،کورونا کی بدترین صورتحال،پاکستان کی مدد کی پیشکش

بھارت،کورونا کی بدترین صورتحال،پاکستان کی مدد کی پیشکش

  

 نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)بھارت میں کورونا بھیانک ہوگیا، آکسیجن کے لیے ترستے شہریوں کی نبضیں ڈوبنے لگیں، اموات اور مریضوں کے خوف ناک ریکارڈ بننے لگے۔مسلسل چوتھے روز بھی24 گھنٹوں میں تین لاکھ 44 ہزار سے زیادہ نئے مریض سامنے آگئے، 2600 کی سانس کی ڈور ٹوٹ گئی،ہسپتالوں میں مریضوں کے لیے بستر، آکسیجن، ڈاکٹر، دوا سب کم پڑگئے، جان سے جانے والوں کے لیے شمشان گھاٹوں میں لکڑیاں، قبرستانوں میں جگہ ختم ہوگئی، میتوں کو اجتماعی سپرد خاک کرنے کی نوبت آگئی، مختلف شہروں میں آکسیجن پہنچانے کے لیے ریلوے حرکت میں آگیا۔مہاراشٹر، اڑیسہ، کیرالہ میں ویک اینڈ لاک ڈاؤن لگ گیا، کویت نے بھارت سے براہ راست کمرشل پروازیں معطل کردیں، ڈبلیو ایچ او نے بھارت سے نقل وحرکت پر فوری پابندی کا مطالبہ کردیا اور کہا کہ کہا بھارت میں کورونا وبا کے نتیجے میں پیدا ہونے والی تشویش ناک صورت حال خطرے کی گھنٹی ہے، امریکا نے بھارت کو طبی امداد کی یقین دہانی کرائی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھرمیں کورونا کے ریکارڈ 3 لاکھ 46 ہزار 786 کیسز رپورٹ ہوئے اور 2624 اموات ہوئیں جس سے بھارت میں کورونا کے کل کیسز کی تعداد ایک کروڑ 66 لاکھ 10 ہزار سے تجاوز کرگئی جب کہ اموات ایک لاکھ 89 ہزار سے زیادہ ہیں۔بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ گزشتہ 5 روز کے دوران دارالحکومت نئی دہلی کے تمام ہسپتالوں کے آئی سی یو مکمل طور پر بھر چکے ہیں جب کہ ہسپتال حکام کا بتانا ہے کہ کچھ تشویشناک مریضوں کو فی منٹ 40 سے 50 لیٹر آکسیجن کی ضرورت ہے۔

کورونا بھیانک

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں کورونا کی بدترین صورتحال کے بعد پاکستان نے ہمسایہ ملک کو مدد کی باضابطہ پیشکش کر دی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں  وزیر خارجہ نے کہا کہ کورونا وائرس کی بڑھتی ہوئی لہر کے پیش نظر بھارت کو جذبہ خیر سگالی کے تحت مدد کی پیشکش کرتے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمسایہ ملک کو وینٹی لیٹر، بی آئی پی اے پی، ڈیجیٹل ایکسرے مشین، پی پی ای اور دیگر متعلقہ اشیاء  دینے کے لیے تیار ہیں۔اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ہم سب پہلے انسانیت پر یقین رکھتے ہیں۔اس سے قبل وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کورونا کی موجودہ لہر کے تناظر میں بھارتی عوام کی مکمل حمایت کرتے ہیں، کورونا لہر نے ہمارے خطے کو بری طرح سے متاثر کیا، پاکستانی عوام کی طرف سے بھارت کے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کورونا اس بات کی ایک بار پھر یاد دہانی کراتا ہے کہ انسانی ایشوز پر ردعمل سیاست سے ہٹ کر ہونا چاہئے، پاکستان اس وباء سے نمٹنے کیلئے سارک ممالک سے تعاون کے لئے کام کرتا رہے گا۔ دریں اثنا وزیراعظم عمران خان نے بھارت سمیت دنیا بھر کے کورونا متاثرین کیلئے نیک خواہشات کا ا ظہار کرتے ہوئے کہا کہ کورونا متاثرین کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں۔وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بھا رتی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا انڈین عوام کورونا وباء کی خطرناک لہر سے لڑ رہے ہیں، بھارت اور دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ ا فراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں، اس عالمی وبا ء سے نمٹنے کیلئے ہم سب کو مل کر جدو جہد کرنا ہوگی۔ 

مدد پیشکش

مزید :

صفحہ اول -