مولانا فضل الرحمٰن کا شہباز شریف کو ٹیلیفون،رہائی پر مبارکباد،سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

  مولانا فضل الرحمٰن کا شہباز شریف کو ٹیلیفون،رہائی پر مبارکباد،سیاسی ...

  

 لاہور (نمائندہ خصوصی،مانیٹرنگ ڈیسک) جیل سے رہائی کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف سے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ اور امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے رابطہ کیا ہے۔ٹیلیفونک رابطے کے دوران امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ نے لیگی صدر شہباز شریف کو رہائی پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے مولانا کا شکریہ ادا کیا اور ان کی مزاج پرسی کی دونوں رہنماوں کا ملک کی مجموعی صورتحال اور پی ڈی ایم کے ایجنڈے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔مولانا فضل الرحمن نے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا اجلاس بلانے کے حوالے سے شہبازشریف کو اعتماد میں لیا۔دونوں رہنماوں نے ملک بھر میں کورونا وباکی شدت، ملک میں آکسیجن میں کمی اور اموات کی شرح میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔دریں اثناپاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف نے عوام، پارٹی کارکنان اور رہنماؤں سے اظہار تشکرکرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالی کا جتنا شکر ادا کروں وہ کم ہے جس نے ایک بار پھر ہمیں سرخرو فرمایا اور سچائی کو  عیاں کر دکھایا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آپ کی دعاؤں، محبتوں اور حمایت پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں، آپ کی محبتوں سے بڑا میرے لئے کوئی اثاثہ نہیں،اللہ تعالی کا شکر ادا کرتا ہوں کہ آپ جیسے مخلص، نظریاتی اور وفاشعار ساتھیوں کا ساتھ ملا،میں اپنی بہنوں اور بیٹیوں کا بھی خاص طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے کمال جرات اور دلیری سے ہمیشہ قیادت اور پارٹی کی حمایت کی،انشا اللہ، کورونا کی ہلاکت خیزی میں کمی کے ساتھ ہی آپ سب سے ملاقات کے لئے منتظر ہوں،کورونا کی شدید لہر میں آپ سے درخواست ہے کہ فی الحال خود کو گھروں تک محدود کریں،آپ سب سے التجا ہے کہ موجودہ سنگین حالات میں اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کو یقینی بنائیں،اللہ تعالی آپ سب سمیت پوری قوم اور انسانیت پر رحم فرمائے اور ان مصائب سے بھرے ایام سے ہمیں نجات دے۔ 

شہباز شریف

مزید :

صفحہ اول -