کورونا سے انسانیت کو خطرہ،عوام اللہ سے رجوع،احتیاطی تدابیر اختیار کریں:دارالافتاء کا فتویٰ

کورونا سے انسانیت کو خطرہ،عوام اللہ سے رجوع،احتیاطی تدابیر اختیار ...

  

  اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) ملک بھر کے علما و مشائخ نے عوام سے رجوع الی اللہ اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے دعا کی ہے اللہ کریم انسانیت کو کورونا کی وبا سے نجا ت دے، وبا سے احتیاط کیلئے عوام احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل کریں۔وباء کی تیسری لہر سے انسانیت کو بہت خطرات لاحق ہو چکے ہیں، رجوع الی اللہ اور احتیاطی تدابیر ہی حل ہیں۔ یہ بات نمائندہ خصوصی وزیر اعظم طاہر محمود اشرفی، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز، صاحبزادہ حسان حسیب الرحمن، پیر نقیب الرحمن، علامہ سید ضیا اللہ شاہ بخاری، پیر روح الامین، علامہ عارف واحدی، علامہ محمد حسین اکبر، مولانا محمد خان لغاری، سید امین الحسنات، مولانا عبد الوہاب روپڑی، قاضی عبد القدیر خاموش، مفتی محمد زبیر، قاری حنیف بھٹی، مولا نا حامد الحق حقانی، مولانا قاسم قاسمی، علامہ عبد الحق مجاہد،مولانا اسد اللہ فاروق، مولانا اسعد زکریا،مولانا عبید اللہ گورمانی، علامہ طاہر الحسن، علامہ زبیر عابد، مولانا محمد شفیع قاسمی، پیر اسعدحبیب شاہ جمالی، مولانا نعمان حاشر، مولانا طاہر عقیل اعوان، مولانا ابو بکر صابری،مولانا اسلم صدیقی، مولانا احسان احمد حسینی، مولانا محمد اشفاق پتافی، مولانا عزیز اکبر قاسمی و دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کی۔علماء و مشائخ کا مزید کہنا تھا کورونا کی وبا سے انسانیت خطرے میں ہے، وباء مسلسل پھیل رہی ہے،جو لوگ کورونا ویکسین نہ لگوانے کا کہہ رہے ہیں درا صل وہ دین و دنیاوی علوم سے نا واقف ہیں،کورونا ویکسین روزہ میں بھی لگوائی جا سکتی ہے اور اس پر علما اسلام متفق ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان نے مساجد میں ہونیوالی احتیاطی تدابیر پر عمل پر جو بیان دیا اس پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ دریں اثناء دارالافتا پاکستان نے ایک بار پھر کورونا ویکسین کے حوالہ سے فتویٰ جاری کرتے ہوئے ویکسین لگوانے کو جائز قرار دیتے ہوئے کہا ہے وبا سے بچنے کیلئے ویکسین وقت اور حالات کی ضرورت ہے۔ شریعت اسلامیہ نے خود کو اور دوسروں کو تکلیف سے بچانے کا حکم دیا ہے اور کورونا ویکسین کے حوالہ سے افواہیں پھیلانا قطعی طو پر درست نہیں۔ دارالافتا مملکت سعودی عرب،مجمع الفقہ الاسلامی جدہ،دارالافتا مصر،سمیت دنیا اسلام کے اہم ترین ممالک نے ویکسین کو لگوانا شرعی ذمہ دار ی قرار دی ہے تا کہ خود بھی محفوظ ہوں اور دوسروں کو بھی محفوظ رکھیں۔ دارالافتا پاکستان علما اسلام و مفتیان عظام سے مشاورت کے بعد یہ فتویٰ جاری کر رہا ہے کہ کورونا ویکسین لگوانا ہر انسان کی ذمہ داری ہے۔ مرض کے معاملہ میں طبی ماہرین کی رائے حتمی ہوتی ہے۔ مجمع الفقہ الاسلامی جدہ جو اسلامی تعاون تنظیم کے تحت کام کرتا ہے میں امام حرم کعبہ الشیخ صالح بن حمید کی سربراہی میں ہونیوالے متعدد اجلاسوں کے بعد یہ فتویٰ صادر کیا گیا،جبکہ دنیا اسلام کے اہم قائدین امام حرم کعبہ الشیخ عبد الرحمن السدیس، مفتی اعظم سعودی عرب، صدر فلسطین سمیت اہم مسلم رہنما ویکسین لگوا چکے ہیں۔ مخیرحضرات زکو ۃسے ویکسین خرید کر مستحقین زکوۃ کو ویکسین لگواسکتے ہیں اور اس سلسلہ میں مخیر حضرات کو بڑھ چڑھ کرآگے آنا چاہیے۔ دارالافتا پاکستان نے روزے کے دوران بھی ویکسین لگوانے کے فتویٰ کی مکمل تائید کرتے ہوئے کہااس سے روزہ نہیں ٹوٹتا۔دوران اجتماعی عبادات کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرنا بھی لازمی ہے۔

دارالافتاء

لاہور(نمائندہ خصوصی)آستانہ عالیہ گڑھی شریف سے منسلک مفتیان کرام نے متفقہ فتویٰ میں عوام سے اپیل کی ہے وہ کورونا وائرس سے ا پنی اور دوسروں کی زندگیوں کی حفاظت یقینی بنائیں، وباء سے متعلق سرکار دو عالمؐ کے احکامات پر من وعن عمل کیا جائے اور خوفناک وباء کے پھیلاؤ کا سبب نہ بنیں۔ سجادہ نشین دربار گڑھی شریف خواجہ غلام قطب الدین فریدی کی اپیل پر مفتی محمد انور، مفتی زاہد بشیر، مفتی وقاص اور دا ر الفتاء کے دیگر مفتیان کرام نے متفقہ فتویٰ میں کہا ہے کہ عوام اس خوفناک وباء سے بچنے کیلئے حکومتی اقدامات اور ہدایات پر من و عن عمل کر یں۔ حالات بگاڑ کے قریب پہنچ چکے ہیں، اب انسانی جانیں بچانا ترجیح ہے۔ اسلئے وباؤں سے متعلق سرکار دو عالم ؐ کے احکامات پر عمل کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے۔ فتویٰ میں مزید کہاگیا ہے تمام مشائخ عظام اور علماء کرام بھی عوام کو احتیاطی تدابیر اپنانے کیلئے قائل اور خود عوام بھی ذ مہ داری کا مظاہرہ کریں۔

مفتیان کرام

مزید :

صفحہ اول -