اقتصادی زونز کیلئے نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کا کام جاری:چیئرمین فیڈ مک

اقتصادی زونز کیلئے نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کا کام جاری:چیئرمین فیڈ مک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 فیصل آباد(سٹی رپورٹر)علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی پرائرٹی سی پیک اکنامک زون فیصل آباد سمیت فیڈمک کے زیر انتظام انڈسٹریل اسٹیٹس میں آئندہ ایک سال کے دوران 70 ہزار جبکہ اگلے 4 سالوں میں مجموعی طور پر 4 لاکھ ہنر مند افراد کو روزگار میسر آسکے گاجس کیلئے انڈسٹری کی مشاورت سے مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھ کرسکلڈ افرادی قوت کی تیاری کے ضمن میں اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں۔فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے بتایا کہ انڈسٹری کی ڈیمانڈ کے مطابق ہنر مند مین پاور کی تیاری کیلئے جرمن ادارے جی آئی زیڈ،فوجی فانڈیشن پاکستان اور پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل سے معاہدے ہورہے ہیں جو فیڈمک فیصل آباد میں عالمی معیار کے تربیتی ادارے قائم کریں گے جنہیں فیڈمک کی جانب سے اکنامک زونز میں جگہ فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے اے پی پی کو بتایا کہ پہلے سے فیصل آباد میں قائم فنی تربیت کے اداروں کو بھی آن بورڈ لیا جائے گا تا کہ وہ طلبا و طالبات کو ایسے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم کورسز کروائیں جن کی ہمارے انڈسٹریل زونز میں لگنے والی ملکی و غیر ملکی صنعتوں کو ضرورت ہو اس کا فائدہ یہ ہوگا کہ جو مرد و خواتین ٹیکنیکل کورسز کرکے فارغ ہوں گے انہیں اکنامک زونز میں فوری ملازمت مل سکے گی۔میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ یہی نہیں بلکہ پرائرٹی اکنامک زونز کی صنعتوں کو مختلف شعبہ جات کیلئے درکار افرادی قوت کے حصول کیلئے لیبر کو ایڈوانس جاب کنٹریکٹ دیکر ٹریننگ فراہم کرنے کو بھی ترجیح دی جائے گی تاکہ تربیت مکمل ہوتے ہی نہ صرف انہیں ملازمت پر رکھ لیا جا ئے بلکہ اگر ضرورت ہو تو انٹرن شپ کے طور پر ان کی عملی تربیت بھی انہی اداروں میں کی جائے تاکہ وہ انڈسٹری کو بہترین آٹ پٹ دے سکیں۔انہوں نے کہا کہ جو صنعتیں چائنیز سرمایہ کار لگا رہے ہیں وہاں کام کے خواہشمند ہنر مند افراد کو چینی زبان بھی سکھانے کیلئے کوششیں تیز کی جارہی ہیں تاکہ ان کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ سمیت انہیں ملازمت کے دوران زبان سمجھنے میں کسی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مزید :

کامرس -