ناقص کارکردگی پر44پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کوشوکاز نوٹس

ناقص کارکردگی پر44پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کوشوکاز نوٹس

  

ملتان، خانیوال، شاہ جمال (سٹی رپورٹر، نامہ نگار، نمائندہ پاکستان)کمشنر ملتان ڈویژن جاوید اختر محمود نے گرانفروش مافیا کی سرکوبی کیلئے اقدامت کرتے ہوئے ناقص کارکردگی دکھانے والے 44 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو شوکاز جاری کردیے۔مصنوعی مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام مجسٹریٹس پر کمشنر ملتان نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے3 روز میں جواب جمع کروانے کا حکم جاری کردیا۔جبکہ غیر تسلی بخش جواب والوں کیخلاف پیڈا ایکٹ کارروائی کا عندیہ بھی دیدیا گیا۔گزشتہ کارروائی میں غیر تسلی بخش جواب دینے والوں کو دوسرا شوکاز جاری کر دیا گیا۔علاوہ ازیں کمشنر ملتان جاوید اختر محمود نے معصوم شاہ روڈ پر لگے رمضان بازار کا اچانک دورہ کیا اور  پارکنگ، صفاء کے ناقص انتظامات پر  رمضان بازار انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کیا۔کمشنرنے شہریوں سے رمضان بازار انتظامات بارے بات چیت بھی کی۔انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کو کامیاب بنانے کیلئے افسران محنت کریں۔ڈویژن میں 23 رمضان بازار، 129 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر نے کمشنر ملتان کو بریفنگ دی۔حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے ماہ رمضان کے دوسرے عشرے میں عوام کو سستی سبزیوں اور پھلوں کی کی فراہمی برقرار رکھنے  کیلئے اقدامات میں تیزی کردی-ڈی سی آغا  ظہیر عباس شیرازی نے  مسلسل دسویں دن علی الصبح سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ کرکے آلو،پیاز،ٹماٹر،ادرک، سمیت دیگر سبزیوں اور پھلوں کی اپنی نگرانی میں آکشن کرائی-اسسٹنٹ کمشنر بختیار اسماعیل،ای اے ڈی اے خالد بھٹی،سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی عبدالغفار ان کے ہمراہ تھے-سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی نے مارکیٹ کمیٹی افسران کی طلب،رسد،نرخوں کے دیگر اضلاع سے تقابلی جائزہ بارے بریفنگ دی-ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ منڈیوں کی مانیٹرنگ کا مقصد عام بازار میں سستی اشیاء کی فراہمی یقینی بنانا ہے -خود ساختہ مہنگائی کی شکایات پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹ نے متعدد دوکانداروں کے خلاف مقدمات درج کرلیے۔سپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹ مظفرگڑھ احسان الحق نے عوامی شکایات پر کاروائی کرتے ہوئے اہلکار انتخاب عالم کو فرضی گاہک بنا کر دوکاندار محمد حسنین ببر سے چنے خرید کروائے جو سرکاری ریٹ 122روپے فی کلو کی بجائے 140روپے،غلام محی الدین چینی 83روپے کی بجائے 90روپے،سبزی فروش محمد نعیم آلو 44روپے فی کلو کی بجائے 80روپے فی کلو،غلام مرتضی سکنہ بستی جڑھ چینی سرکاری ریٹ 83روپے کی بجائے 85روپے معین اعجاز بھی چینی 83روپے کی بجائے 90روپے کلو فروخت کر رہا تھا جن کو گرفتار کر کے مقدمات درج کروا دئیے گئے۔

جاوید اختر

مزید :

صفحہ اول -