کورونا صورتحال،پشاور پولیس کے اعلیٰ حکام کا پولیس لائنز میں اجلاس

کورونا صورتحال،پشاور پولیس کے اعلیٰ حکام کا پولیس لائنز میں اجلاس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 پشاور(کرائم رپورٹر)کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز اور خطرناک صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک سعد شہید پولیس لاینز میں اعلی سطحی اجلاس کا انعقاد کیا گیا، سی سی پی او عباس احسن کی سربراہی میں ہونے والے خصوصی اجلاس میں چیف ٹریفک پولیس آفیسر عباس مجید خان مروت، ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود، ڈویژنل ایس پیز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنرز اور ایس ڈی پی اوز نے شرکت کی، اجلاس کے دوران پشاور پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کرونا وائرس کے حوالے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس کے دوران لاک ڈاون کو مزید موثر اور ماسک کے استعمال کو یقینی بنانے کی خاطر پولیس افسران و ضلعی انتظامیہ کو خصوصی ہدایات جاری کی گئیں، اجلاس سے خطاب کے دوران سی سی پی او عباس احسن نے طے کردہ اوقات کار کے مطابق لاک ڈاون کو لاگو کرنے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ خطہ میں کرونا وائرس تیزی سے جان لیوا شکل اختیار کرتا جا رہا ہے جس کے روک تھام کے لئے سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے، انہوں نے شام چھ بجے کے بعد مکمل لاک ڈاون پر عملد درآمد کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے آگہی مہم کو بھی مزید تیز کرنے کی ہدایت کی، سی سی پی او نے بازاروں، مارکیٹس، شاپنگ سنٹرز اور دیگر تجارتی مراکز سمیت بس اڈوں پر کرونا ایس او پیز کو ہر صورت لاگو کرنے کی سختی سے ہدایت کی، اسی طرح کھلنے والے سکولوں کے خلاف کارروائی کرنے اور آگہی مہم میں تاجروں، علما کرام اور دیگر مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی خدمات حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے، سی سی پی او نے پولیس موبائل وینز کے ذریعے شہریوں کو کرونا سے ہونے والے اموات اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے آگہی شروع کرنے کی ہدایت کی جبکہ اس ضمن میں مسجد و ممبر سمیت سوشل میڈیا، لوکل ٹی وی کیبل نیٹ ورک کو بھی بروئے کار لانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے سی سی پی او عباس احسن کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں دیگر اہم اقدامات سمیت کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کرنے اور بغیر ایس او پیز شہر میں داخل ہونے والے مسافروں کو شہر میں داخل ہونے سے روکنے کی بھی ہدایات جاری کی گئیں ہیں، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مختلف مذہبی و سماجی تقاریب جیسے جنازوں، مساجد اور دیگر اہم مقامات و مواقع پر سماجی فاصلے کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، اجلاس کے دوران مساجد دوران نماز سماجی فاصلوں کو برقرار رکھتے ہوئے مساجد سے کارپٹ ہٹانے جبکہ ماسک کے استعمال کو یقینی بنانے کی بھی ہدایات جاری کی گئیں ہیں واضح رہے کہ کرونا کی تیسری لہر نہایت مہلک ثابت ہو رہی ہے جس سے ہمسایہ ملک اور خطہ میں تیزی سے اموات ہو رہی ہیں، اجلاس کا مقصد شہر میں کرونا وائرس کے حوالے سے سخت اقدامات اٹھانے اور آگہی مہم کو مزید تیز کرنا ہے تاکہ کرونا وائرس کے ممکنہ پھیلاو کو روکا جا سکے