تیسرا ٹی 20، پاکستان نے زمبابوے کو جیت کے لیے ہدف دیدیا
ہرارے ( ڈیلی پاکستان آن لائن)تیسرے ٹی 20 میں پاکستان نے زمبابوے کو جیت کے لیے 166 رنز کا ہدف دیدیا، پاکستان نے مقررہ اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے ۔
میچ کے آغاز پر اوپنرز محمد رضوان اور شرجیل خان میدان میں اترے، زمبابوین باولرز شروع سے ہی سکور روکنے کی کوشش میں نظر آئے تاہم چوتھے اوور کے اختتام تک دونوں بلے بازوں نے 4 باونڈری شاٹس کی مدد سے 28 سکور بنا لئے۔ اوپننگ پارٹنر شپ زیادہ دیر نہ چل سکی اور شرجیل خان جانگوے کی بال پر مزربانی کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے، انہوں نے 18 رنز بنائے۔ کپتان بابر اعظم آئے اور چھا گئے، انہوں نے 46 گیندوں پر 52 رنز بنائے، اس طرح ٹی 20 میں تیز ترین 2 ہزار رنز بنانے کا اعزاز اپنے نام کیا۔ بابر اعظم نے 54 میچوں میں 2 ہزار رنز مکمل کئے ہیں جبکہ ویرات کوہلی نے 56 میچز میں 2 ہزار رنز بنائے تھے۔
کپتان اپنا اعزاز پانے کے بعد آخری اوور میں آوٹ ہوئے۔ فخر زمان صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ محمد رضوان 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 89 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
اس سے قبل کپتان بابر اعظم نے بتایا کہ قومی کرکٹ ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں، آصف علی ، دانش عزیز اور ارشد اقبال کو ٹیم سے ڈراپ کر کے شرجیل خان ، سرفراز احمد اور حسن علی کو شامل کیا گیا ہے . ہماری کوشش ہو گی کہ زیادہ سے زیادہ اسکور کریں ۔
واضح رہے کہ تین میچز کی سیریز میں پاکستان اور زمبابوے ایک ایک فتح کیساتھ برابر ہیں جبکہ آج کا میچ فیصلہ کن ہے ۔ پاکستان نے پہلے ٹی 20میچ میں زمبابوے کو 11رنز سے شکست دی تھی ، پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 149رنز بنائے تھے جبکہ زمبابوے کی ٹیم مقررہ اوورز میں 138رنز بنا پائی۔
دوسری ٹی 20میچ میں پاکستان کو اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا ، زمبابوے کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 118رنز بنائے تھے ، جواب میں پاکستانی کرکٹ ٹیم 99کے مجموعی اسکور پر ہمت ہار گئی تھی۔