’اگر یہ ممالک مدد نہ کرتے تو پاکستان ڈیفالٹ ہو جاتا‘ وزیر اعظم نے مشکل حالات میں ساتھ دینے والے ممالک کا نام بتا دیا 

’اگر یہ ممالک مدد نہ کرتے تو پاکستان ڈیفالٹ ہو جاتا‘ وزیر اعظم نے مشکل حالات ...
’اگر یہ ممالک مدد نہ کرتے تو پاکستان ڈیفالٹ ہو جاتا‘ وزیر اعظم نے مشکل حالات میں ساتھ دینے والے ممالک کا نام بتا دیا 

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قومیں وسائل کی کمی کی وجہ سے نہیں بلکہ حکمرانوں کی کرپشن کی وجہ سے تباہ ہوجاتی ہیں، ہمارا ملک بڑی مشکل سے ڈیفالٹ ہونے سے بچا اگر سعودی عرب، یواے ای اور چین ہماری مدد نہ کرتے تو ہم ڈیفالٹ ہوجاتے، مجھے اپنی ڈھائی سال کی کارکردگی پر فخر ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنی جماعت تحریک انصاف کے یوم تاسیس کے موقع پر خصوصی ویڈیو پیغام میں سیاسی جدوجہد، مقاصد اور اہداف کے بارے میں تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے پاس اللہ کا دیا سب کچھ تھا لیکن صرف ملک کو کرپشن سے پاک کرنے کے لیے سیاست میں آیا تھا۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ الیکشن کو شفاف بنانے کے لیے نئی ٹیکنالوجی لا رہے ہیں جو دنیا بھر سے تصدیق شدہ ہے۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین سسٹم کی وجہ سے کوئی دھاندلی نہیں کرسکتا ہے اور نہ ہی کسی کے پاس انتخابی نتائج کو تسلیم کرنے سے انکار کرنے کی گنجائش بچے گی۔

حکومتی کارکردگی پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کرنٹ اکاونٹ خسارا سات آٹھ ماہ سے سرپلس میں جا رہا ہے، سٹاک مارکیٹ نے بھی زبردست پر فارمنس دی جب کہ پاکستان میں تعمیراتی شعبہ سب سے زیادہ ترقی کررہا ہے اور ملک میں سیمنٹ کی پیدا وار ریکارڈ ہوئی ہے۔حکومت کے مستقبل کے پلان سے آگاہ کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ دو نئے شہر اور دو ڈیمز بنانے جا رہے ہیں۔ کل سے کسان کارڈ کا پراجیکٹ شروع کر رہے ہیں۔ سمال اور میڈیم انڈسٹریز کو خصوصی رعایتیں دے رہےہیں اور کمزور طبقے کیلیے پہلی بار گھر بنا رہے ہیں۔

اپنے سیاسی عزائم کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میری جدوجہد کا بنیادی مقصد امیر اور غریب کے لیے قانون کی برابری ہے، اپنی طویل سیاسی جدوجہد میں کبھی ہار نہیں مانی، بطور کرکٹر گراونڈ میں سیکھا جو آخری گیند تک ہار نہیں مانتا، اسے شکست نہیں ہوتی۔وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر ریاست مدینہ کے نمونے پر عمل پیرا ہونے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو فلاحی ریاست بنانے، قانون کی بالادستی اور ترقی کے لیے کام جاری رکھیں گے۔وزیراعظم عمران خان نے عوام اور کارکنان کو پاکستان تحریک انصاف کے یوم تاسیس کی مبارک باد بھی دی۔

مزید :

قومی -