ڈاکٹر یاسمین راشد کی بلاول بھٹو زرداری پر تنقید ، مرتضیٰ وہاب نے کرارا جواب دےدیا 

ڈاکٹر یاسمین راشد کی بلاول بھٹو زرداری پر تنقید ، مرتضیٰ وہاب نے کرارا جواب ...
ڈاکٹر یاسمین راشد کی بلاول بھٹو زرداری پر تنقید ، مرتضیٰ وہاب نے کرارا جواب دےدیا 

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کے بیان پر سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون ، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یاسمین راشد صاحبہ تسلیم کرلیں کہ ملک میں موجودہ صورتحال کی ذمہ دار آپکی نااہل حکومت ہے، آپکی حکومت نے کوئی ایک کام بھی بروقت نہیں کیا، اب پانی سر سے گزرنے کے بعد نااہل حکومت جاگی ہے تو اسکا کیا فائدہ ؟

تفصیلات کے مطابق بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ اللہ تعالی پنجاب کی عوام کو کورونا وائرس اور اس نکمی حکومت سے چھٹکارا دے ،نااہل حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پنجاب میں کورونا وائرس قابو سے باہر ہو رہا ہے اور حکومت ہے کہ ستو پی کر سو رہی ہے۔ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ ہم پنجاب کے عوام کے لئے دعاگو ہیں لیکن یہ نااہل اور سلیکٹیڈ حکومت ہر شعبے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے، بدترین مہنگائی سے لیکر ڈوبتی معیشت آپکا منہ چڑا رہی ہے اور حکمران عوام کو محض جھوٹی تسلی دینے میں مصروف ہیں ۔ان  کا کہنا تھا کہ خدارا حکمران ہوش کے ناخن لیں اور کورونا پھیلاو کو روکنے کے لئے سنجیدہ اقدامات کریں،عوام کی جانب سے تنقید کو سیاست کا نام دیکر نااہل حکومت چھٹکارا حاصل نہیں کرسکتی، اب آپکی حکومت کو کام کرنا ہوگا ورنہ آپکو گھر جانا ہوگا۔

یاد رہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کی تنقید سن کے دکھ ہوا ہے، یہ وقت تنقید کانہیں، سندھ کو پنجاب سے زیادہ ویکسین کا کوٹہ ملا ،سندھ میں ویکسین سٹاک موجود ہےجو ابھی تک استعمال ہی نہیں ہوا ،اگر آج انسانی ہمدردی کے تحت ہم انڈیا کی مدد کرنے کی بات کررہے ہیں تو ایک دوسرے پر تنقید کیوں؟بلاول بھٹو  کو وفاقی حکومت پر تنقید اس وقت کرنی چاہیے اگر انہوں نے پہلے دی گئی ویکیسین استعال کر لی ہو، ابھی تک سندھ کےپاس وفاقی حکومت کا دیا گیا ویکیسن کا سٹاک پڑا ہے، استعال نہیں کر سکے اور سندھ حکومت اپنی ویکیسن بھی خرید سکتی ہے کسی نے روکا نہیں۔

مزید :

علاقائی -سندھ -کراچی -