عمران نشئی ڈرائیور کی طرح سیاست کی گاڑی آئین، اداروں اور خارجہ پالیسی سے ٹکراتے رہے: احسن اقبال 

      عمران نشئی ڈرائیور کی طرح سیاست کی گاڑی آئین، اداروں اور خارجہ پالیسی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


        لاہور (نمائندہ خصوصی)مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی پروفیسر  احسن اقبال نے کہا کہ سب سے بڑے صوبے پنجاب میں تین ہفتے سے آئینی بحران کا سلسلہ جاری ہے،  نیشنل سکیورٹی کمیٹی نے دو بار واضح کر دیا سفیر کے مراسلے میں بیرونی سازش کا کوئی وجود نہیں، انٹیلی جنس ایجسنیوں کی رپورٹ کے بعد کہ بیرونی  سازش سے حکومت تبدیل نہیں ہوئی  اس کے بعد ایسی بے تکی باتوں کو دفن ہونا چاہیے -180 ایچ  ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کے خلاف عدم اعتماد پر عمران خان کہتے نہیں تھکتے تھے کہ میری اللہ سے دعا ہے کہ یہ پیش کریں، جب عدم اعتماد پیش ہوئی تو عمران خان کہتے رہے ایک گیند سے تین وکٹیں لوں گا،احسن اقبال نے کہا کہ جب عمران خان نے خود کو مڈل سٹمپ آؤٹ ہوتے دیکھا تو بین الاقوامی سازش یاد آ گئی۔ آج تک کوئی ایسی بچگانہ حرکتوں کا مرتکب نہیں ہوا جو عمران خان کا ٹولہ کررہاہے، احسن اقبال کا کہنا تھا کہ وزارت عظمی کی کرسی پر پونے چار سال عمران نیازی نے ملک کی خارجہ پالیسی کے خلاف بے رحم ہوکر کھیلا،اور  اب اپنی سیاست کو بچانے اور انا کی تسکین کیلئے کوئی لحاظ نہیں کہ ملک کا آئین کیاہے اور خود مختاری کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ نشہ آور ڈرائیور کی طرح سیاست کی گاڑی کبھی آئین، کبھی قومی اداروں، تو کبھی خارجہ پالیسی سے ٹکراتے ہیں،انہوں نے کہا کہ عمران خان مسلسل ملکی مفادات سے کھیل رہے ہیں اگر خود مختاری کا دفاع یا مضبوط ملک بننا ہے تو مضبوط معیشت بننا ہوگا، ملک کی معیشت تب مضبوط ہوگی تب دنیا کی معیشت سے رابطہ ہوگا بین الاقوامی منڈیوں میں رسائی لینا ہوگی۔ احسن اقبال  نے کہا کہ ملک کو کیوبا یا شمالی کوریا نہیں بلکہ ساؤتھ کوریا، چین، ملیشیا، جاپان اور ترکی کی طرح مضبوط بنانا ہے، عمران خان نے سی پیک منصوبے کو تار تار کر دیا ہم تین سال میں انتیس ارب ڈالر کے منصوبے لائے مگر عمران خکومت کے دور میں ایک ڈالر کا نیا منصوبہ شروع نہیں ہوا، پاکستانی معیشت کے پہلے خارجی ستون چین کو ناراض کرکے تعلقات میں سرد مہری کر دی گئی۔ احسن اقبال نے کہا کہ  عمران خان نیازی جب ناموس رسالت پہ فرانسیسی سفیر کو نکالنے کا سوال تھا تو قوم کو بھاشن دے رہا تھا یورپی یونین سے تعلقات کو بگاڑنا ملکی مفاد کیخلاف ہے- انہوں نے کہا کہ  عمران خان نے اپنی سیاست بچانے کیلئے یورپی ممالک کے خلاف بڑھکیں مارنا شروع کر دیں، ہمیں امریکہ کی تجارتی منڈیوں تک بھی جانا ہے اور ٹیکنالوجی بھی لینی ہے،دنیا میں ہر ترقی کرنے والے ملک نے جیسے کہ  ساؤتھ کوریا جاپان چین ملائیشیا یا ترکی نے ہزاروں کی تعداد میں امریکہ کی یونیورسٹیوں سے افرادی قوت تیار کرکے اپنے ملک کو کھڑا کیا۔ ہمیں بھی اپنے ٹیلنٹ کو امریکہ کی یونیورسٹیوں تک رسائی دینی ہے- احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نیازی نے خلیجی ممالک سے تعلقات کا بھی ستیا ناس کر دیا- خلیجی ممالک نے تحفہ دئیے ہوں تو دینے والے کو پتہ چلے کہ ان کا تحفہ مارکیٹ میں بیچ دیا گیا ہے تو ملک کا کیا امیج رہ گیا۔ عمران خان آج کہتے میرا تحفہ میری مرضی تو یہ تحفے قوم کو ملے ہیں،احسن اقبال نے کہا کہ قوم کی عزت کو عمران خان نے مارکیٹ میں بیچ ڈالاعمران خان ملک دشمن ایجنڈے پر چل رہاہے،عمران خان  ملک میں کس کے اشارے پہ انتشار پیدا کرنا چاہتا ہے سیاسی و معاشرتی انارکی پھیلانا چاہتاہے،  وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ڈپٹی سپیکر سے آئین شکنی کروائی اور جلسوں میں ہیرو بناتے ہیں دراصل وہ قوم کے مجرم ہیں، ہم آئین شکنی پر آئین شکنوں کو سزا دیں گے،احسن اقبال نے کہا کہ سپریم کورٹ آپکے فیصلے پر آئین شکنی قرار دیتے ہیں تو اپنی توپوں کا رخ ان کی طرف کر دیتے ہو، انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ آنے والا ہے تو الیکشن کمیشن سے ڈر رہے ہو،  عمران خان سکروٹنی کمیٹی میں پکڑے جا چکے ہیں اس لئے اب الیکشن کمیشن کے خلاف فائر کھول دو یہ چاہتے ہیں کہ اداروں کو اتنا ڈراؤ کہ فیصلہ نہ دیں ان کا کہنا تھ کہ عدلیہ آئین کی پاسبان ہے آئین شکنی ہو گی تو وہ ساری رات بھی جاگ سکتی ہے،پنجاب میں گھناؤنا کھیل رچایا ہوا ہے،  عثمان بزدار کو وزیر اعلی لگا کر نہ جانے کون سا پنجاب سے بدلہ لیا، پھر دو سال پنجاب کے بلدیاتی ادارے توڑ رکھے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد پر پنجاب میں فیصلے کا وقت آیا تو باہر سے لائے غنڈوں سے جگ ہنسائی کروائی گئی،پرویز الہی نے  اپنے بدمعاشوں اور غنڈوں سے ڈپٹی سپیکر کو حراساں کیا ایسا تو نوزائیدہ جمہوریت میں بھی نہیں ہوتا، احسن اقبال نے کہا کہ صدر اور گورنر کا تماشا وزیر اعظم، کابینہ اور وزارت اعلی کے حلف کیلئے بنایا تو عمران نیازی نے ثابت کیا چھوٹا آدمی اپنے لوگوں کو بھی چھوٹا کرتا ہے- پنجاب میں تین ماہ سے بدترین انتظامی بحران پیدا کیاہوا ہے ایک آدمی کی ہٹ دھرمی آئین شکنی آئین کو آپریشنل ہونے میں رکاوٹ ہے، اب  وقت آ گیا پاکستان کو“رونا”وائرس سے پاک کریں،عمران نیازی کرونا کے بعد ”رونا”وائرس سے قوم کو تباہ کرنا چاہتے ہیں اب رونا وائرس پاکستان کا راستہ نہیں روک سکتا، سی پیک بھی عمران نیازی کی نالائقی کا نشانہ بنا نو صنعتی زون میں چالیس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہونی تھی سب برباد ہو گئی

احسن اقبال

مزید :

صفحہ اول -