ضلعی انتظامیہ پشاور سرکاری چھٹی کے روز بھی متحرک،کمشنر پشاور 

  ضلعی انتظامیہ پشاور سرکاری چھٹی کے روز بھی متحرک،کمشنر پشاور 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور (سٹی رپورٹر) صوبائی دارلحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ پشاور سرکاری چھٹی کے روز بھی متحرک رہی اور وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خا ن اور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ قیصر رشیدخان کی ہدایت پراتوار کے روز انتظامی افسران نے بازاروں کا معائنہ کرتے ہوئے گرانفروشی پر بیشتر دکانداروں کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز انتظامی افسران نے فقیر آباد، زریاب کالونی، حسین چوک، دلہ زاک روڈ، چارسدہ روڈ، کوہاٹ روڈ، جی ٹی روڈ، اندرون شہر بازاروں، ناصر باغ روڈ، نوتھیہ، رنگ روڈ اور دیگرعلاقوں میں بازاروں کا معائنہ کیا۔کارروائیوں کے دوران گرانفروشی اور سرکاری نرخ نامے کی عدم موجودگی پر 84 دکانداروں کو گرفتار کرلیا گیا۔ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کے مطابق وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان اور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ قیصر رشیدخان کی ہدایت پر پشاور بھر میں گرانفروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے جبکہ کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود تمام کارروائیوں کی بذات خود نگرانی کر رہے ہیں۔ انتظامی افسران روزانہ کی بنیاد پر صبح کے اوقات میں منڈیوں کا دورہ کرتے ہوئے بولی کے عمل کی نگرانی کرتے ہوئے سرکاری نرخ نامہ جاری کرتے ہیں اور بعد میں پشاور بھر میں سرکاری نرخ ناموں پر عمل درآمد یقینی بنایا جاتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے تمام انتظامی افسران کو گرانفروشوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے اور اس ضمن کو کوئی رعایت نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔

مزید :

صفحہ اول -