خالد مشعل کاجنوبی افریقہ کے صدر سے ٹیلی فونک رابطہ
دوحہ (اے این این)اسلامی تحریک مزاحمت "حماس" کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل نے جنوبی افریقہ کے صدر جاکوب زوما سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ دونوں رہنماﺅں کے درمیان ہونے والی گفتگو میں مسئلہ فلسطین بالخصوص غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی تازہ جارحیت اور غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے لیے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مرکز اطلاعات فلسطین نے ذرائع کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ جنوبی افریقی صدر نے غزہ کی پٹی کی معاشی ناکہ بندی فوری ختم کرنے اور اسرائیلی جارحیت روکنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے غزہ کے مظلوم عوام کی ہر ممکن مدد کا یقین دلایا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کو فلسطینیوں پر مظالم ڈھانے سے سختی سے روکے۔ صدر جاکوب زوما کا کہنا تھا کہ ان کا ملک فلسطینیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ دوسری جانب خالد مشعل نے جنوبی افریقہ کے عوام اور صدر کی جانب سے فلسطینیوں کی مسلسل حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔