صنم ماروی کی آسٹریلیا میں پرفارمنس ¾ شرکاءکوجھومنے پر مجبورکردیا
لاہور (اے این این) معروف گلوکارہ صنم ماروی نے آسٹریلیا کے شہرملبورن میں بسنے والی پاکستانی اورہندوستانی کمیونٹی کو صوفیانہ کلام پرمبنی پرفارمنس پرجھومنے پر مجبورکردیا۔پاکستانی اور سکھ برادری دھمال پر بھنگڑے ڈالتی رہی جب کہ پرفارمنس کے بعد آٹوگراف اورتصاویر بنوانے کا سلسلہ جاری رہا۔ شوکے آرگنائزرز ماہی آرٹس اینڈ کلچر کے روح رواں ظفرخان اورماہا خان نے مزید میوزک پروگرام کرنے کے لیے صنم ماروی سے معاہدہ کرلیا۔ جب اس سلسلہ میں ملبورن رابطہ کیا گیا تو صنم ماروی نے ایکسپریس کو بتایا کہ میں پہلی مرتبہ آسٹریلیا میں پرفارمنس کے لیے آئی ہوں لیکن میری توقعات سے بڑھ کرمجھے یہاں رسپانس ملا ہے۔دوسری جانب شو آرگنائزر اور معروف شاعر ظفر خان اور ان کی اہلیہ ماہا خان کا کہنا تھا کہ ہم دیارغیر میں پاکستانی کلچرکی پروموشن کے لیے ہرسال پروگراموں کا انعقاد کرتے ہیں۔
ایکسپریس میڈیا گروپ کے تعاون سے بھی ہم گزشتہ برسوں میں میوزک پروگرام اور اسٹیج ڈرامے پیش کرچکے ہیں اور اس مرتبہ ہم نے پاکستان کی بہترین گلوکارہ صنم ماروی کویہاں پرفارم کرنے کے لیے مدعو کیا تھا۔ ان کی پرفارمنس کو بہت سراہا گیا اور اسی لیے ہم آئندہ بھی ان کے ساتھ مزید پروگرام کرینگے۔