نیشنل گیمز کے انعقادسے ٹیلنٹ کو منظر عام پر آنے کا موقع ملیگا،زبیر یوسف
لاہور( سپورٹس رپورٹر) سابق انٹرنیشنل ویٹ لفٹر اور پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کی ٹیکنیکل آفیشلز کمیٹی کے چیر مین محمد زبیر یوسف بٹ نے کہا ہے کہ پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن کے صدر میجر جنرل (ر)محمد اکرم ساہی اور جنرل سیکرٹری جسٹس(ر) خواجہ فاروق سعید کی قیادت میں نومبر کے آخر میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والی33ویں نیشنل گیمز کے انعقادسے جہاں ملک بھر کے کھلاڑیوں کو اپنی صلا حیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا وہاں نیا ٹیلنٹ بھی ابھر کر سامنے آئے گا جس کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرکے انٹرنیشنل مقابلوں کے لئے تیار کیا جائے گا۔ گذشتہ روز اولمپک ہاوس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہو ئے انہوں نے امید طاہر کی کہ حکومت اور بین الصوبائی رابطہ کی وزارت 33ویں قومی کھیلوں کے انعقاد میں پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی انہوں نے کہا کہ کھیل امن اور دوستی کی علامت ہوتے ہیں حکومت گراس روٹ لیول سے کھیلوں کو فروغ دینے کے لئے پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن کو جلد از جلد فنڈز جاری کرے تاکہ پی او اے کے صدر میجر جنرل (ر) محمد اکرم ساہی اور جنرل سیکرٹری جسٹس(ر) خواجہ فاروق سعید اپنے دیگر عہدے داروں کے ہمراہ کھیلوں کو فروغ دیکر ملک کی نوجوان نسل کو کلاشنکوف کلچر اور منشیات کی لعنت سمیت دیگر سماجی برائیوں سے بچا کر معاشرے کا مفید شہری بنا ئیں۔