توانائی بحران نے ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز کی امیدوں پر پانی پھیر دیا
اسلام آباد(اے این این)توانائی بحران نے ٹیکسٹائل کے ایکسپورٹرز کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔یورپ کی جانب سے تجارتی مرعات ملنے کے باوجود جولائی میں ٹیکسٹائل برآمدات مایوس کن رہیں ۔وزارت ٹیکسٹائل کے مطابق توانائی بحران کے علاوہ جولائی میں عید کی لگ بھگ 11 روز کی تعطیلات سے بھی ایکسپورٹس متاثر ہوئیں ۔پاکستان ادارہ شماریات کے جا ری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی میں ٹیکسٹائل برآمدات کا حجم 1 ارب 17 کروڑ ڈالر سے بھی کم رہا جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں 1 ارب 20 کروڑ ڈالر مالیت کی ٹیکسٹائل مصنوعات ایکسپورٹ کی گئیں ۔صنعت کا روں کا کہنا ہے کہ رواں سال جنوری سے یورپی یونین کی جانب سے پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کی بغیرڈیوٹی رسائی شروع ہونے کے باوجود توانائی کی قلت کے باعث پیداوار متاثر ہونے سے اس شعبے کی برآمدات میں گزشتہ کچھ مہینوں میں کمی واقع ہورہی ہے ۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ موجودہ سیاسی بحران سے روپے کی قدر میں کمی آنے سے بین الاقوامی سطح پر پاکستانی مصنوعات سستی ہوسکتی ہے
جس سے آنے والے دنوں میں گرتی ہوئی ملکی برآمدات کو سہارا مل سکتا ہے ۔