ضلعی انتظامیہ مرحلہ وار کنٹریکٹ اور ورک چارج پرملازمین کو مستقل کر رہی ہے،محمد عثمان

ضلعی انتظامیہ مرحلہ وار کنٹریکٹ اور ورک چارج پرملازمین کو مستقل کر رہی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( جنرل رپورٹر)ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن آفیسر لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ مرحلہ وار کنٹریکٹ اور ورک چارج پر کام کرنے والے ملازمین کو مستقل کر رہی ہے اور قواعدو ضوابط پر پورے اترنے والے تمام کنٹر یکٹ اور ورک چارج ملازمین کو ستمبر تک مستقل کر دیا جائے گا۔ تاکہ وہ بغیر کسی خوف کے اپنے سرکاری فرائض کو پوری جانفشانی کے ساتھ سر انجام دے سکیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کنٹریکٹ اور ورک چارج ملازمین کی مستقلی رپورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے کیا ۔ کیپٹن عثمان نے کہا کہ ڈی او (ایچ آر ایم ) اپنی پوری ٹیم کے ہمراہ سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ لاہور کے مختلف اد اروں میں کام کرنے والے کنٹریکٹ اور ورک چارج ملازمین کو مستقل کرنے کے لئے روزانہ کی بنیادوں پرلیسٹیں تیار کر رہی ہے اور روزانہ کی بنیادوں پر قواعدو ضوابط پرپورے اترنے والے ملازمین کو مستقل کیا جا رہا ہے ۔ ڈی سی او لاہور (ر) کیپٹن محمد عثمان نے بتایا کہ ان کی بطور ڈی سی او لاہور تعیناتی سے لے کر اب تک سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ لاہور کی مختلف برانچوں میں کام کرنے والے 1200 ورک چارج جبکہ 500کنٹریکٹ ملازمین کو قواعدو ضوابط پر مستقل کر دیا گیا ہے ۔مستقل کیے جانے والے ملازمین میں کمپیوٹر آپریٹر ، فائر مین ، وائرلیس آپریٹر ، ٹیلی فون آپریٹر اور سنیٹری ورکرزشامل ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ باقی رہ جانے ملازمین کو بھی ستمبر تک مستقل کر دیا جائے گا جس پر ڈی او ایچ آر ایم روزانہ کی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں۔ جبکہ دوسری جانب مستقل ہونے والے کنٹر یکٹ اور ورک چارج ملازمین نے ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان اور وزیر اعلی پنجاب کا شکریہ اداکیا ہے۔