علامہ اقبال ٹاؤن میں ڈینگی وصفائی آگاہی مہم کا انعقاد
لاہور( جنرل رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی خالد مجید کی خصوصی ہدایت پر علامہ اقبال ٹاؤن میں ڈینگی وصفائی آگاہی مہم کا انعقاد کیا گیا۔ مہم کا مقصد اہلِ علاقہ بالخصوص ڈرین سے ملحقہ آبادی کے مکینوں کو ڈینگی و صفائی سے متعلق احتیاطی تدابیرو معلومات بہم پہنچانا اور ڈینگی سے تحفظ کے لیے ان کے بطور شہری کردار کو متحرک کرنا تھا۔ صفائی و آگاہی مہم کی قیادت منیجر آپریشنز سعید خان اور ڈپٹی منیجر کمیونی کیشن شفقت رسول اور اسسٹنٹ منیجر رحمان راشد نے کی ۔ دیگر شرکاء میں مقامی سیاسی جماعتوں کے کوآرڈینیٹرز، تاجر تنظیموں کے نمائندگان، سوشل موبلائزرز اور ترک کمپنی اوز پاک کے ورکر شامل تھے۔ ڈینگی واک مختلف راستوں سے گزرتی ہوئی دبئی چوک میں اختتام پزیر ہوئی۔ڈینگی کیمپ پر شہریوں کو ایل ڈبلیوایم سی کے صفائی انتظامات، ڈینگی سے بچاؤ کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اور شہریوں کے ذمہ دارانہ کردارپر بریف کیاگیااور پمفلٹس تقسیم کئے گئے۔ مہم کے موقع پر ترک کمپنی اوزپاک کی طرف سے خصوصی عملہ تعینات کر کے صفائی کے بہترین انتظامات کئے گئے اور مشینری کی مدد سے سڑکوں کی صفائی و دھلائی کی گئی جس پر اہل علاقہ و مارکیٹ انتظامیہ نے ایل ڈبلیوایم سی کا بے حد شکریہ اداکیا۔