تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں کا تصدیقی عمل آج سے شروع ہو گا
اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کے قومی اسمبلی سے استعفوں کی تصدیق کا باقاعدہ عمل (آج)پیر سے شروع ہو گا، اسپیکر چیمبر سے تحریک انصاف کے اراکین سے تصدیق کےلئے انفرادی طور پر رابطہ و ٹیلیفون کیا جائے گا۔ اتوار کو ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے جمع کرائے جانے والے استعفوں کی تصدیق کا عمل قواعد کے تحت (آج) شروع ہو گا۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی ہدایت پر استعفوں کی تصدیق کے لئے انفرادی طور پر رابطہ کیا جائے گا۔ اسپیکر قومی اسمبلی کوپی ٹی آئی کے پارٹی رہنماﺅں نے بند لفافے میں استعفے دیئے ہیں جو کل اسپیکر کھولیں گے اور استعفوں کا جائزہ لیں گے۔ قواعد کے تحت قومی اسمبلی سے سیکرٹریٹ کو فوری طور پر استعفیٰ دینے والے اراکین سے ان کے استعفوں کی باقاعدہ تصدیق کے لئے ہدایات کریں گے اور استعفوں کی تصدیق کے بعد اسپیکر پاکستان تحریک انصاف کے استعفوں سے خالی نشستوں کا اعلان کریں گے اور الیکشن کمیشن کو اس حوالے سے اطلاع دی جائے گی۔ قواعد کے مطابق استعفیٰ دینے والے اراکین کو قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق کی جانب سے خط اور ٹیلی فون بھی کیا جائے گا۔