برقی رو سے کنٹرول ہونے والا دروازہ اچانک بند ہونے سے بچہ کچلا گیا
عجمان (نیوز ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان میں ایک چار سالہ معصوم بچہ اپنے ہی گھر کے دروازے میں آکر کچلے جانے کی وجہ سے جاں بحق ہوگیا۔ برقی رو سے کنٹرول ہونے والا دروازہ اچانک بند ہوگیا جس سے ننھے بچے کا سر کچلا گیا۔ سی آئی ڈی کے ڈائریکٹر میجر ابراہیم نے بتایا کہ ان کے کنٹرول روم میں رات نو بجکر پچاس منٹ پر ایمرجنسی کال موصول ہوئی لیکن جب ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں تو بچے کی وفات ہوچکی تھی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دروازے کے سینسر ننھے بچے کی موجودگی کو محسوسنہیں کرسکے اور دروازہ بند ہوگیا۔ ایک ہمسائے نے بتایا کہ بچے کو دروازے میں پھنستے دیکھ کر وہ بھاگ کر پہنچا لیکن جب بچے کو نکالا گیا تو اس کا جسم ساکت ہوچکا تھا۔ بچے کی ماں کا کہنا تھا کہ وہ گھر سے باہر نکلی اور اسے معلوم نہیں تھا کہ اس کا ننھا لختِ جگر بھی اس کے پیچھے ہی چلا آیا تھا اور باہر نکلتے ہوئے دوازے میں کچلا گیا تھا۔ مزید تحقیقاری جاری ہیں۔