جاپانی کی سیاستدان بننے کے لئے انوکھی سوچ،کئی ممالک میں شادیاں
بنکاک (نیوز ڈیسک) انٹرپول اس وقت 24 سالہ جاپانی کاروباری ’’مستوتوکی شگیتا‘‘ کے خلاف تحقیقات کررہی ہے۔ انٹرپول حکام کا کہنا ہے کہ اس شخص نے تھائی لینڈ سے تعلق رکھنے والی مختلف خواتین سے تعلقات قائم کئے اور ان کے ذریعے اب تک کم از کم 16 بچے پیدا کرچکا ہے۔ مقامی پولیس نے ایک فلیٹ پر چھاپہ مارا تو وہاں سے 9 بچے برآمد ہوئے جن کی دیکھ بھال کے لئے ’’دائیاں‘‘ وہاں موجود تھیں، پولیس کا کہنا ہے کہ ان میں سے 7 بچے اس جاپانی شخص کے ہیں۔ تھائی لینڈ میں انٹرپول کے ڈائریکٹر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ انہوں نے آج تک ایسا کیس نہیں دیکھا۔ ان کی سمجھ سے بالا تر ہے کہ کوئی اتنی بڑی تعداد میں بچے کیوں پیدا کرنا چاہتا ہے؟ ’’شگیتا‘‘ نے گزشتہ چار سال کے دوران تھائی لینڈ کے 41 دورے کئے اور کئی دفعہ کمبوڈیا بھی گیا جہاں یہ چار بچوں کا باپ بن چکا ہے۔ اس کے 12 بچے اس وقت تھائی لینڈ کی سوشل سورسز کے پاس ہیں۔ 5 اگست کو اس کے ایک فلیٹ پر چھاپے کے بعد یہ ملک سے بھاگ گیا تھا لیکن اپنے بچے واپس حاصل کرنے پر بضد ہے۔ انٹرپول کے مطابق اس نے 11 تھائی مائیں ’’کرائے‘‘ پر حاصل کیں۔ ان میں سے ایک کے مطابق ’’شگیتا‘‘ سالانہ 10 سے 15 بچے پیدا کرنے کی خواہش رکھتا تھا۔ پولیس کو شک ہے کہ اس کا مقصد انسانی سمگلنگ یا بچوں کا استحصال ہوسکتا ہے لیکن شگیتا کا کہنا ہے کہ وہ سیاست میں جانا چاہتا ہے اور اس کے خیال میں بڑا خاندان اس سلسلے میں مددگار ہوگا مزید یہ کہ اس سے بہتر کیو ہوسکتا ہے کہ وہ اپنی ڈھیروں نشانیاں دنیا میں چھوڑ جائے۔