پانچ متنازعہ بجلی گھر، پاک بھارت سندھ طاس کمشنرز کے مذاکرات لاہور میں شروع
لاہور( جنرل رپورٹر)بھارت کے پانچ متنازعہ بجلی گھروں کے منصوبوں پر پاکستان اوربھارت کے سندھ طاس کمشنرز کے مذاکرات لاہور میں شروع ہو گئے ۔مذاکرات پاکستانی وفد کی قیادت پاکستانی انڈس واٹرکمشنرآصف بیگ مرزا اور بھارتی وفدکی قیادت بھارتی انڈس واٹر کمشنر کشوندر وہرہ کررہے ہیں ۔ذرائع کے مطابق مذاکرت کے پہلے روز پاکستان نے کشن گنگا ڈیم کے ڈیزائن پر اعتراضات اٹھائے اورزوردیاہے کہ بھارت کشن گنگا منصوبے میں تبدیلی لائے ۔ذرائع کے مطابق 27اگست تک جاری رہنے والے مذاکرات میں پاکستان بھارت کی طرف سے دریائے چناب پر 2110میگاوٹ کے چار نئے بجلی گھروں پر بھی اپنے اعتراضات اٹھائے گا ۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان آبی مذاکرات گزشتہ برس سے معطل تھے۔